وفاقی حکومت نے ملک میں حالیہ سیلاب سے متاثر ہونے والے افراد کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے بجلی کے بلوں میں بڑے پیمانے پر رعایت دینے پر غور شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت سنجیدگی سے غور کررہی ہے کہ متاثرہ علاقوں کے شہریوں سے بجلی کے بلوں میں شامل جنرل سیلز ٹیکس، ایف سی سرچارج اور فکس چارجز کو ختم کر دیا جائے۔ اس کے علاوہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ پر بھی جی ایس ٹی اور ایکسائز ڈیوٹی سے استثنیٰ دینے کی تجویز سامنے آئی ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ حکومت بجلی کے بلوں پر لاگو انکم ٹیکس، فاضل ٹیکس اور ریٹیلر سیلز ٹیکس کو بھی ختم کرنے پر غور کر رہی ہے تاکہ متاثرہ طبقات کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جا سکے۔
خیال رہے کہ پنجاب سمیت ملک کے مختلف حصوں میں حالیہ سیلاب سے زرعی زمینوں کو شدید نقصان پہنچا ہے، لاکھوں لوگ بے گھر ہوچکے ہیں اور فصلیں تباہ ہو گئی ہیں جسکے باعث متاثرہ افراد شدید معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔
چند روز قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی مطالبہ کیا تھا کہ سیلاب سے متاثرہ کسانوں کے لیے فوری طور پر زرعی ایمرجنسی نافذ کی جائے اور ان کے بجلی کے بل مکمل طور پر معاف کیے جائیں۔
حکومتی ذرائع کے مطابق ریلیف پیکیج کی حتمی منظوری جلد متوقع ہے جس کے بعد اس کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








