کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر میں تیز بارش کی صورت میں صورتحال سے نمٹنا ایک بڑا چیلنج ہوگا کیونکہ اس وقت سمندر میں پانی کی سطح بلند ہے اور کریک کا پانی نہرِ خیام میں داخل ہورہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ اگر موسلا دھار بارش ہوئی تو پانی کے بہاؤ کو کنٹرول کرنا انتہائی مشکل ہوگا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ مسئلہ اختیارات یا وسائل کا نہیں بلکہ نیت کا تھا، نالوں کی صفائی کی وجہ سے نکاسی بہتر ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اورنگی، گجر اور محمود آباد نالوں سمیت بڑے نالوں کی صفائی مکمل کرلی گئی ہے جبکہ چھوٹے نالوں پر آج بھی مشینری تعینات ہے۔
انڈر پاسز میں پمپ نصب ہیں اور نشیبی علاقوں میں عملہ موجود ہے تاکہ بارش کے دوران نکاسی کے عمل میں مدد دی جا سکے۔
مرتضیٰ وہاب نے شہریوں سے اپیل کی کہ بارش کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ انہوں نے کہا کہ نالوں کی گنجائش 40 ملی میٹر ہے اور اس سے زیادہ بارش کی صورت میں مسائل ضرور پیش آتے ہیں۔
بارش کے بعد علاقے کلیئر کرنے کے لیے عملے کو دو سے ڈھائی گھنٹے درکار ہوتے ہیں، لہٰذا عوام کو صبر اور تعاون کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے ترجمان انجم نذیر نے بتایا کہ مون سون کا موجودہ سسٹم ڈیپ ڈپریشن کی شدت کے ساتھ موجود ہے جو سمندری طوفان سے پہلے کا مرحلہ ہے۔ یہ سسٹم اس وقت تھرپارکر میں موجود ہے اور 60 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








