پاکستانی ٹیلی ویژن انڈسٹری اس وقت ایک ایسے نئے قانونی ڈرامے کی تیاری میں مصروف ہے جو معاشرتی ناانصافی اور خاموشی کے خلاف طاقتور پیغام لے کر سامنے آئے گا اور اس میں مرکزی کردار معروف اداکارہ صبا قمر ادا کر رہی ہیں۔
جیو انٹرٹینمنٹ کا یہ ڈرامہ کیس نمبر 9 محض ایک تفریحی کہانی نہیں بلکہ ایک سماجی احتساب ہے جو ایک ریپ سروائیور کی ہولناک جدوجہد کو نمایاں کرتا ہے۔
ڈرامے میں صبا قمر سحر کا کردار ادا کر رہی ہیں جو ریپ کا شکار ہونے کے بعد ٹوٹے ہوئے عدالتی نظام میں انصاف کے لیے جنگ لڑتی ہیں۔
اس کہانی میں صرف جرم نہیں بلکہ اس کے بعد آنے والی معاشرتی رکاوٹیں، نظام کی ناکامیاں اور متاثرہ خواتین کو موردِ الزام ٹھہرانے کا رجحان بھی دکھایا گیا ہے۔
ڈرامے کی کاسٹ میں صبا قمر کے ساتھ فیصل قریشی ریپسٹ کا کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ آمنہ شیخ وکیل اور گوہر رشید پولیس افسر کے روپ میں نظر آئیں گے۔
اس کے علاوہ جنید خان، رُشنا خان، حنا خواجہ بیات، نورالحسن، نوین وقار، عظمیٰ محی الدین، علی رحمان خان اور دیگر نمایاں فنکار بھی شامل ہیں۔
ڈرامہ مشہور صحافی شاہ زیب خانزادہ نے تحریر کیا ہے جبکہ ہدایت کاری کے فرائض سید وجاہت حسین نے سر انجام دیے ہیں۔ یہ پروجیکٹ عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی کی پروڈکشن ہاؤس سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ کے تحت بنایا جا رہا ہے۔
کہانی کا مرکزی نکتہ یہ ہے کہ ریپ کے کیسز ثبوت کی کمی کی وجہ سے نہیں بلکہ حوصلے کی کمی کی وجہ سے ہارے جاتے ہیں۔ ڈرامے کا یہ جملہ اس کے اصل پیغام کو بیان کرتا ہے۔
حال ہی میں جاری کیے گئے ٹیزر میں صبا قمر کا کردار زمین پر بے بسی کے عالم میں دکھایا گیا ہے جس کی آواز میں درد اور عزم دونوں جھلکتے ہیں۔
یہ ڈرامہ محض تفریح نہیں بلکہ ایک تحریک ہے جو معاشرتی رویوں کو آئینہ دکھائے گا۔کیس نمبر 9 خواتین کے مسائل، انصاف کی جنگ اور معاشرتی رویوں پر ایک کھلا مکالمہ بننے جا رہا ہے جو ناظرین کو جھنجھوڑ دے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








