میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کی ساٹھویں برسی! قوم کا اظہار عقیدت

تازہ ترین

تازہ ترین

Major Raja Aziz Bhatti’s 60th martyrdom anniversary observed
ONLINE

قوم کے عظیم ہیرو اور نشانِ حیدر کے حامل میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کی ساٹھویں برسی آج عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔

وہ 1965 کی پاک بھارت جنگ میں وطن کی خاطر جان قربان کرنے والے بہادر سپاہی تھے جنہوں نے اپنی جان دے کر پاکستان کے دفاع کی لازوال مثال قائم کی۔

میجر راجہ عزیز بھٹی 1928 میں ہانگ کانگ میں پیدا ہوئے۔ بعد ازاں وہ پاکستان آئے اور 1950 میں پاک فوج کی پنجاب رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا۔

ملک کے مختلف محاذوں پر خدمات انجام دینے کے بعد 1956 میں میجر کے عہدے تک پہنچے۔ ستمبر 1965 میں جب دشمن نے پاکستان پر جارحیت کی اور لاہور پر قبضے کا منصوبہ بنایا تو میجر عزیز بھٹی کو کمپنی کمانڈر کی حیثیت سے محاذ پر تعینات کیا گیا۔

پاک بھارت جنگ کے دوران میجر عزیز بھٹی کی کمپنی کی دو پلاٹونز نے شاندار خدمات انجام دیں اور بی آر بی نہر کے محاذ پر دشمن کو بھرپور جواب دیا۔ دشمن کے پاس بھاری اسلحہ اور جدید توپ خانہ ہونے کے باوجود وہ میجر عزیز بھٹی کے عزم و حوصلے کا مقابلہ نہ کر سکا۔

9 اور 10 ستمبر کی درمیانی شب بھارت نے اپنی پوری بٹالین کے ساتھ پاکستان پر بڑا حملہ کیا۔ میجر عزیز بھٹی کو پیچھے ہٹنے کا حکم دیا گیا مگر انہوں نے انکار کر دیا اور محاذ پر ڈٹے رہے۔

وہ نہ صرف دشمن کے قبضے سے بی آر بی نہر کے کنارے کا علاقہ واپس لینے میں کامیاب ہوئے بلکہ پاکستانی فوجیوں اور گاڑیوں کو محفوظ طور پر نہر پار کرانے کا بھی انتظام کیا۔

12 ستمبر 1965 کو جب وہ دشمن کی توپوں پر براہِ راست فائر کی رہنمائی کر رہے تھے، ایک گولہ ان کے سینے پر آ کر لگا اور وہ جامِ شہادت نوش کر گئے۔

اپنی آخری سانس تک وطن کے دفاع کو ترجیح دینے والے اس بہادر سپاہی نے پوری قوم کو جرات، قربانی اور وفاداری کا پیغام دیا۔

Related Posts