یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی انتظامیہ نے باضابطہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے یکم ستمبر سے تمام ملازمین کو فارغ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
اس فیصلے کے تحت ادارے کے 11 ہزار 406 ملازمین کو حکومت کی جانب سے منظور شدہ مالی پیکیج فراہم کیا جائے گا۔
وزارتِ صنعت و پیداوار نے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی تنظیم نو کے باعث متاثر ہونے والے ملازمین کے لیے 25 ارب 50 کروڑ روپے کا پیکیج تیار کیا ہے۔
یہ پیکیج مستقل، کنٹریکٹ اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین کے ساتھ ساتھ بیواؤں اور ادارے کے اختتامی اخراجات کے لیے بھی مختص کیا گیا ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق مستقل ملازمین جن کی ریٹائرمنٹ میں دو سال یا اس سے کم عرصہ باقی ہے، انہیں باقی ماندہ مہینوں کی مکمل تنخواہیں دی جائیں گی۔
وہ ملازمین جن کی سروس بیس سال سے زیادہ ہے، انہیں ہر مکمل سال کے بدلے موجودہ بنیادی تنخواہ کے دو گنا کے مساوی رقم دی جائے گی۔
بیس سال سے کم سروس رکھنے والے ملازمین کو یا تو ہر مکمل سال کے عوض موجودہ بنیادی تنخواہ کے تین گنا کے مساوی رقم یا باقی عرصے کے لیے بنیادی تنخواہ کے ایک اعشاریہ دو پانچ گنا کے برابر معاوضہ ملے گا۔
اعداد و شمار کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن میں اس وقت 5 ہزار 229 مستقل ملازمین موجود ہیں جن کے لیے 13 ارب 18 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
3 ہزار 323 کنٹریکٹ ملازمین کے لیے 3 ارب 60 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں جبکہ 2 ہزار 854 یومیہ اجرت والے ملازمین کو 2 ارب 71 کروڑ روپے کے فوائد دیے جائیں گے۔
مزید برآں، 5 ارب 75 کروڑ روپے ادارے کے اختتامی اخراجات اور مرحوم ملازمین کی بیواؤں کی معاونت کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔
دو سال یا اس سے کم سروس والے مستقل ملازمین کے لیے 35 کروڑ 70 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں، جن میں سے ہر ایک کو اوسطاً 15 لاکھ 20 ہزار روپے ملیں گے۔
اسی طرح بیس سال سے زائد سروس کرنے والے ملازمین کے لیے 2 ارب 21 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں اور ہر ایک کو اوسطاً 34 لاکھ 40 ہزار روپے ملیں گے جبکہ بیس سال سے کم سروس والے ملازمین کے لیے 10 ارب 61 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں، جس سے ہر ایک کو تقریباً 24 لاکھ 30 ہزار روپے دیے جائیں گے۔
کنٹریکٹ ملازمین میں دو سال یا اس سے کم سروس والے افراد کے لیے 1 کروڑ 70 لاکھ روپے، سولہ سال سے زائد سروس والوں کے لیے 2 ارب 97 کروڑ روپے اور سولہ سال تک سروس رکھنے والوں کے لیے 61 کروڑ 15 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
اس حساب سے کنٹریکٹ ملازمین کو اوسطاً 4 لاکھ 14 ہزار سے 11 لاکھ 27 ہزار روپے تک معاوضہ دیا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








