ایشیا کپ سب سے بڑا مقابلہ؛ شاہین بھارتی سورماؤں پر جھپٹنے کو بے تاب

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ 2025 کا سب سے زیادہ سنسنی خیز مقابلہ آج پاکستان اور بھارت کے درمیان دبئی میں کھیلا جائے گا۔ گروپ اے کا یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا اور کرکٹ کے روایتی حریف ایک بار پھر میدان میں آمنے سامنے ہوں گے۔

گزشتہ چھ ماہ کے دوران دونوں ٹیمیں دوسری مرتبہ آمنے سامنے آ رہی ہیں۔ اس سے قبل ان کی ٹکر چیمپئنز ٹرافی 2025 کے ایک میچ میں ہوئی تھی جہاں دونوں جانب سے سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا۔

حالیہ کارکردگی اور تیاری

کارکردگی کے اعتبار سے دونوں ٹیمیں اچھی فارم میں نظر آ رہی ہیں۔ بھارت نے اپنے گزشتہ میچ میں متحدہ عرب امارات کو 9 وکٹوں سے شکست دی جبکہ پاکستان نے افغانستان اور یو اے ای کے خلاف فتوحات سمیٹ کر سہ ملکی سیریز اپنے نام کی۔

گرم موسم کے باوجود دبئی کا اسٹیڈیم ایک بار پھر تماشائیوں سے بھرنے کو تیار ہے۔ میچ کے وقت درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ کے آس پاس رہنے کی توقع ہے جو دن کے وقت کی نسبت قدرے معتدل ہوگا۔

ایشیا کپ میں پاک بھارت مقابلے: ریکارڈ کیا کہتا ہے؟

ایشیا کپ کی تاریخ پر نظر ڈالیں تو بھارت کو پاکستان پر واضح برتری حاصل ہے۔ دونوں ٹیمیں اب تک ٹورنامنٹ میں 19 مرتبہ آمنے سامنے آ چکی ہیں جن میں سے 10 میچ بھارت نے جیتے جبکہ پاکستان کو 6 میں کامیابی ملی۔ تین میچ بے نتیجہ رہے۔

پاکستان نے بھارت کے خلاف ایشیا کپ میں آخری فتح 2022 میں حاصل کی تھی۔ بھارت اب تک 8 مرتبہ ایشیا کپ چیمپئن بن چکا ہے جبکہ پاکستان یہ کارنامہ صرف دو بار انجام دے سکا ہے۔

پاکستانی شائقین کرکٹ اس میچ کو لے کر خاصے پرجوش ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹیم سے اچھی کارکردگی کی اُمیدیں وابستہ ہیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ آج کا دن قومی ٹیم کے نام ہوگا۔

Related Posts