پاکستان جیتے گا تو ہم جشن منائیں گے؛ ننکانہ صاحب میں سکھ برادری کی دعائیہ تقریب

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

ایشیا کپ 2025 کے اہم ترین گروپ میچ سے قبل جہاں پورا ملک جوش و خروش میں ڈوبا ہوا ہے وہیں سکھ برادری بھی پاکستان کی جیت کے لیے پر امید ہے، سکھ برادری کی جانب سے وطن عزیز کی فتح کے لیے خصوصی دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

اتوار کے روز ننکانہ صاحب میں واقع گوردوارہ جنم استھان میں سکھ خواتین و حضرات نے خصوصی طور پر اکھٹے ہو کر قومی ٹیم کی فتح کے لیے دعا کی۔ سکھ برادری کے افراد کا کہنا تھا کہ یہ صرف ایک میچ نہیں بلکہ قومی وقار اور اتحاد کی علامت بن چکا ہے۔

اس موقع پر سردار بلونت سنگھ نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ میچ دونوں ممالک کے درمیان تناؤ کو کم کرنے اور قربتیں بڑھانے کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ اگر پاکستان جیتتا ہے تو کروڑوں دل خوش ہوں گے۔ ہمیں نفرت کے بجائے امن کی بات کرنی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس میچ کے ذریعے پاکستان اور بھارت کے تعلقات میں بہتری کے خواہاں ہیں۔ ہم دعا گو ہیں کہ پاکستان فتح حاصل کرے اور اسی بہانے دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری آئے۔ یہ پورے خطے کے لیے فائدہ مند ہوگا۔

ایک اور سکھ خاتون مندیپ کور نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پورے دل سے دعا ہے کہ گرین شرٹس جیتیں تاکہ ہم سب مل کر جشن منا سکیں۔

واضح رہے کہ اس میچ کو نہ صرف ایک کھیل بلکہ جذبات، امیدوں اور علاقائی تعلقات کی بہتری سے بھی جوڑا جا رہا ہے۔ ننکانہ صاحب سے آنے والی یہ مثبت آوازیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ کھیل سرحدوں سے بالا تر ہوسکتا ہے۔

Related Posts