اسٹیڈیم میں کیا لانا منع ہے؟ ہنگامہ آرائی پر ہوگا کتنا جرمانہ؛ دبئی پولیس نے خبردار کر دیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

ایشیا کپ 2025 کے سب سے بڑے میچ، پاکستان اور بھارت کے درمیان آج ہونے والے مقابلے کے حوالے سے دبئی پولیس نے سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کرتے ہوئے عوام کے لیے تفصیلی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دبئی میں ہونے والا یہ ہائی وولٹیج میچ مقامی وقت کے مطابق شام 6 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگا جبکہ اسٹیڈیم کے دروازے تین گھنٹے پہلے کھول دیے جائیں گے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ صرف وہی افراد اسٹیڈیم میں داخل ہو سکیں گے جن کے پاس درست ٹکٹ ہوگا اور ایک مرتبہ اسٹیڈیم میں داخل ہونے کے بعد دوبارہ باہر سے اندر آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

پارکنگ اور نظم و ضبط پر زور

دبئی پولیس نے شائقین کو خبردار کیا ہے کہ وہ گاڑیوں کی غیرقانونی پارکنگ سے گریز کریں۔ اس مقصد کے لیے اسٹیڈیم کے اطراف مخصوص پارکنگ ایریاز مختص کیے گئے ہیں۔

سخت سزائیں مقرر

ایونٹ سیکیورٹی کمیٹی کے چیئرمین اور دبئی پولیس کے اسسٹنٹ کمانڈر ان چیف برائے آپریشنز میجر جنرل سیف مہر المزروعی نے کہا ہے کہ بغیر اجازت اسٹیڈیم میں داخل ہونے والے افراد کو ایک سے تین ماہ قید اور 5,000 سے 30,000 درہم تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔

میچ کے دوران اگر کوئی شخص ہنگامہ آرائی کرے، چیزیں پھینکے یا نازیبا زبان استعمال کرے تو اسے بھی قید اور 10,000 سے 30,000 درہم جرمانہ کیا جائے گا۔

کن اشیاء پر پابندی ہے؟

انتظامیہ نے متعدد اشیاء کو اسٹیڈیم میں لانے پر پابندی عائد کی ہے جن میں شامل ہیں۔

آتشبازی، پاور بینک، لیزر پوائنٹر

جانور، شیشے کی اشیاء، تیز دھار آلات

سیلفی اسٹک، مونوپوڈ، چھتریاں

سگریٹ نوشی کا سامان

باہر کا کھانا اور مشروبات

جھنڈے یا بینرز

تہذیب اور امن کی اپیل

دبئی ایونٹ سیکیورٹی کمیٹی نے شائقین سے اپیل کی ہے کہ وہ اماراتی تہذیب اور ضابطے کا خیال رکھیں اور میچ کے دوران نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں۔

Related Posts