معروف اداکارہ اور ماڈل صوفیا ورگارا کو ایمرجنسی آنکھ کی الرجی کے باعث 77ویں پرائم ٹائم ایمی ایوارڈز میں شرکت منسوخ کرنا پڑی،ہالی ووڈ کی یہ مقبول شخصیت تقریب کی میزبانوں میں شامل تھیں لیکن اچانک طبی مسئلے نے انہیں ایمرجنسی روم تک پہنچا دیا۔
صوفیا ورگارا نے انسٹاگرام پر مداحوں کو آگاہ کرتے ہوئے اپنی آنکھ کی سوجن کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں۔ انہوں نے لکھا کہ ایمی ایوارڈز تک نہیں پہنچ پائی لیکن ایمرجنسی روم ضرور پہنچ گئی۔
معذرت کہ آخری لمحے پر شرکت منسوخ کرنی پڑی کار میں بیٹھنے سے پہلے ہی آنکھ کی شدید الرجی ہو گئی۔ تصاویر اور ویڈیوز میں انہیں اسپتال کے بیڈ پر لیٹے اور آنکھ دھوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ایمی ایوارڈز کی اس بڑی تقریب میں صوفیا ورگارا کا شریک نہ ہونا سب کے لیے حیران کن ثابت ہوا۔ مداحوں نے ان کی پوسٹ پر نیک خواہشات کا اظہار کیا اور جلد صحت یابی کی دعائیں کیں۔
اس تقریب میں ان کے ساتھ اینجلا بیسیٹ، جینیفر کولڈج، ٹینا فے، کیتھرین زیٹا جونز، الزبتھ بینکس، جیسن بیٹ مین، کرسٹن بیل، کولمین ڈومنگو، مارشیکا ہرگٹے، جوڈ لا، سارہ پاؤلسن اور سڈنی سوئینی جیسے بڑے نام بھی پریزنٹرز میں شامل تھے۔
اس تقریب کے دیگر اہم پہلوؤں میں اداکار ایرک ڈین کی غیر موجودگی بھی شامل تھی جو اے ایل ایس کے مرض میں مبتلا ہیں۔ ایوارڈز کی میزبانی کامیڈین نیٹ بارگاتزے نے کی جبکہ بہترین ڈرامہ سیریز کا ایوارڈ دی پِٹ کو اور بہترین کامیڈی سیریز کا ایوارڈ دی اسٹوڈیو کو دیا گیا۔ ایڈولیسنس نے اینتھولوجی اور لیمیٹڈ سیریز کیٹیگری میں تمام بڑے ایوارڈ اپنے نام کر لیے۔
انفرادی کامیابیوں میں نوح وائل ( دی پٹ )، برٹ لوور ( سیونرنس )، سیٹھ روگن ( دی اسٹوڈیو )، جین اسمارٹ ( ہیکس ) اور کرسٹن ملیوٹی ( دی پینگوئن ) شامل رہے۔
تاریخ اس وقت رقم ہوئی جب 15 سالہ اووین کوپر کم عمر ترین اداکار بنے جنہیں اینتھولوجی سیریز میں معاون اداکار کا ایوارڈ دیا گیا، جبکہ ٹریمل ٹلمن نے سیونرنس میں شاندار پرفارمنس پر ڈرامہ سیریز کے بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ جیت کر پہلا سیاہ فام اداکار ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








