بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے شیر بندی میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر خود ساختہ دھماکہ خیز مواد کے حملے میں ایک کیپٹن سمیت پانچ جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں کیپٹن وقار احمد، نائیک اسمعات اللہ، لانس نائیک جنید احمد، لانس نائیک خان محمد اور سپاہی محمد ظہور شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز نے کلیئرنس آپریشن کیا، جس کے دوران حملے میں ملوث پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
سیکورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں، خیبر پختونخوا میں 19 دہشت گرد ہلاک
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشت گردی کی ایسی بزدلانہ کارروائیاں سیکورٹی فورسز اور قوم کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں بلکہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
اس سے قبل 13 اور 14 ستمبر کو خیبر پختونخوا کے اضلاع لکی مروت اور بنوں میں دو الگ الگ آپریشنز کے دوران 31 خوارج کو ہلاک کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ عناصر بھارتی پراکسی اور فتنے الخوارج سے تعلق رکھتے تھے۔ لکی مروت میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن میں 14 خوارج مارے گئے جبکہ بنوں میں 17 مزید دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔
فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں تاکہ کسی بھی بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گرد کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔
پاکستان کی سیکورٹی فورسز اس عزم پر قائم ہیں کہ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو ہمیشہ کے لیے جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








