گجرات کے نواحی علاقے کھیوہ میں ایک سفاک واقعہ پیش آیا ہے جہاں نامعلوم افراد نے کلہاڑیوں کے وار کرکے حاملہ بھینس کی دونوں اگلی ٹانگیں کاٹ دیں۔
اس بربریت پر مقامی آبادی میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق محنت کش خاندان کی واحد روزی کا سہارا سمجھی جانے والی یہ بھینس زمین پر گر کر شدید تکلیف میں تڑپتی رہی مگر ملزمان کو ذرا بھی رحم نہ آیا۔
واقعے کے بعد مقامی زمینداروں اور رہائشیوں نے مطالبہ کیا ہے کہ زخمی جانور کا فوری اور سرکاری سطح پر علاج کرایا جائے تاکہ اسے مزید اذیت سے بچایا جا سکے۔
لانڈھی کا دلخراش سانحہ؛ 7 سالہ سعد علی کی دردناک کہانی سامنے آگئی
تھانہ صدر جلالپور جٹاں میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور یہ دیکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ آیا یہ حملہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ ہے یا حسد کی بنا پر کیا گیا۔ پولیس کے مطابق نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
بھینس کے مالک نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ یہ بھینس ان کے خاندان کی کفالت کا واحد ذریعہ اور کل اثاثہ تھی، لہٰذا اس ظلم کے مرتکب افراد کو جلد گرفتار کرکے سخت سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی بے زبان جانور اس طرح کے ظلم کا شکار نہ ہو۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








