امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایچ-1بی ویزا کی فیس میں ایک لاکھ ڈالر کا اضافہ کردیا ہے اس فیصلے کے بعد امریکی کمپنیوں کو ہنر مند کارکنوں کی کمی کا خدشہ ہے اور امکان ہے کہ باصلاحیت افراد یورپ، سنگاپور اور متحدہ عرب امارات جیسے ممالک کا رخ کریں گے تاہم امریکہ میں کام کرنے کا خواب دیکھنے والے افراد ہمت نہیں ہار رہے اور اب وہ ایچ-1بی ویزا کے بجائے دیگر متبادل راستوں پر غور کررہے ہیں۔
ایچ-1بی ویزا غیر ملکی ہنر مند کارکنوں کے لیے ہے جو امریکی کمپنیوں میں خصوصی پیشوں میں کام کرتے ہیں۔ اس کے لیے کم از کم بیچلر ڈگری یا اس کے مساوی تعلیم درکار ہوتی ہے۔ ہر سال صرف 65,000 نئے ایچ-1بی ویزے جاری کیے جاتے ہیں جبکہ امریکی اداروں سے ماسٹرز یا اس سے اعلیٰ ڈگری والوں کے لیے اضافی 20,000 ویزے مختص ہیں۔ یونیورسٹیاں اور تحقیقی مراکز جیسے کچھ ادارے اس حد سے مستثنیٰ ہیں۔
فیس میں اضافے کے بعد اب زیادہ افراد دیگر ورک ویزوں پر غور کر رہے ہیں۔ یہاں کچھ اہم متبادل ویزوں کی تفصیلات ہیں۔
ایچ-1بی ویزا کے متبادل:
سی ڈبلیو-1: سی این ایم آئی خصوصی عبوری کارکن
یہ ویزا شمالی ماریانا جزائر (سی این ایم آئی) میں کام کیلئے ہے۔ اسکی مدت ایک سال ہے اور اسے3سال تک بڑھایا جاسکتا ہے۔ اسکے بعد فرد کو 30 دن کیلئے ملک چھوڑنا ہوتا ہے۔
ای-1: معاہداتی تاجر
یہ ویزا ان ممالک کے شہریوں کیلئے ہے جن کے امریکہ کے ساتھ تجارتی معاہدے ہیں۔ اس کے تحت بین الاقوامی تجارت کی جا سکتی ہے۔ ابتدائی منظوری دو سال کے لیے ملتی ہے اور اسے ہر دو سال بعد لامحدود بار بڑھایا جا سکتا ہے۔
ای-2 سی این ایم آئی خصوصی سرمایہ کار
یہ ویزا سی این ایم آئی میں کاروبار کے لیے طویل مدتی سرمایہ کاری کرنے والوں کے لیے ہے۔ یہ دسمبر 2029 تک درست رہے گا۔
ای-2: معاہداتی سرمایہ کار
جن ممالک کے ساتھ امریکہ کے سرمایہ کاری کے معاہدے ہیں انکے شہری اس ویزا کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔ ابتدائی مدت دو سال ہے اور اسے کئی بار بڑھایا جا سکتا ہے۔
ایچ-3: غیر تارک وطن ٹرینی یا خصوصی تعلیمی تبادلہ
یہ ویزا ان افراد کے لیے ہے جو اپنے ملک میں دستیاب نہ ہونے والی خصوصی تربیت کے لیے امریکہ آتے ہیں۔ اس کی مدت دو سال تک ہوتی ہے۔ معذور بچوں کے لیے خصوصی تعلیمی پروگراموں میں شامل افراد 18 ماہ تک قیام کرسکتے ہیں۔
ایل-1اے: انٹرا کمپنی ایگزیکٹو یا مینیجر کی منتقلی
یہ ویزا کثیر القومی کمپنیوں کے ایگزیکٹوز یا مینیجرز کے لیے ہے جو امریکی دفتر میں منتقل ہوتے ہیں یا نیا امریکی دفتر قائم کرتے ہیں۔ اسے سات سال تک بڑھایا جا سکتا ہے۔
ایل-1بی: خصوصی معلومات کے حامل انٹرا کمپنی منتقلی
یہ ویزا ان ملازمین کے لیے ہے جن کے پاس خصوصی معلومات ہیں اور وہ اسی کمپنی کے امریکی دفتر میں منتقل ہوتے ہیں۔ اس کی مدت پانچ سال تک ہوتی ہے۔
او-1: غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل افراد
یہ ویزا سائنس، فنون، کاروبار، تعلیم، کھیل یا میڈیا میں غیر معمولی صلاحیتوں والے افراد کے لیے ہے۔ ابتدائی مدت تین سال ہے اور اسے ہر سال بڑھایا جا سکتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








