ایشیا کپ سپر4! پاکستان کی بنگلہ دیش کو شکست؛ بھارت کے خلاف فائنل کی راہ ہموار

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سپر فور مرحلے میں پاکستان نے ایک اعصاب شکن مقابلے کے بعد بنگلادیش کو 11 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ دبئی میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان کی بیٹنگ مشکلات کا شکار رہی تاہم بولرز کی شاندار کارکردگی نے بازی پلٹ دی۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے۔ ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کی ٹیم 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 124 رنز ہی بنا سکی۔

بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستانی اوپنرز ایک بار پھر ناکام رہے۔ صاحبزادہ فرحان صرف 4 رنز بنا سکے جبکہ صائم ایوب ایک مرتبہ پھر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

فخر زمان 13 حسین طلعت 3 اور کپتان سلمان علی آغا 19 رنز بنا سکے۔ ٹیم کے مڈل آرڈر میں تھوڑی بہت مزاحمت دیکھنے کو ملی۔ محمد حارث نے 31 محمد نواز نے 25 شاہین آفریدی اور فہیم اشرف نے بالترتیب 19 اور 14 رنز بنائے۔ حارث رؤف 3 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

بنگلادیش کی جانب سے تسکین احمد نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ مہدی حسن اور رشاد حسین نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ایسا ریکارڈ جسے توڑنے کا خواب بھی کوئی نہ دیکھے! صائم ایوب کا کرکٹ میں نیا کارنامہ

136 رنز کے تعاقب میں بنگلادیش کا آغاز تباہ کن رہا۔ محض 63 کے مجموعے پر آدھی ٹیم پویلین واپس لوٹ چکی تھی۔ شاہین آفریدی نے ابتدا میں پرویز حسین کو صفر اور توحید کو صرف 5 رنز پر آؤٹ کر کے پاکستان کو اہم برتری دلوائی۔ حارث رؤف نے بھی سیف حسن اور دیگر اہم کھلاڑیوں کو قابو میں رکھا۔

مہدی حسن 11 نور الحسن 16 ذاکر علی 5 اور شمیم حسین 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کے لیے شاہین اور حارث نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ صائم ایوب نے بھی دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے بالنگ میں اپنی موجودگی کا احساس دلایا۔ محمد نواز نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی فتح کے بعد ایشیا کپ 2025 کا فائنل اب اتوار کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلا جائے گا۔ سری لنکا جو کل بھارت سے مقابلہ کرے گا پہلے ہی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکا ہے۔

Related Posts