ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں پاکستان اور بھارت کے مابین ہونے والے بڑے ٹاکرے سے قبل دبئی پولیس نے تماشائیوں کے لیے ایک تفصیلی اور سخت ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں آج ہونے والے اس ہائی وولٹیج مقابلے کے پیش نظر سیکیورٹی ادارے ہائی الرٹ پر ہیں۔
ایونٹ سیکیورٹی کمیٹی کے مطابق اسٹیڈیم کے اندر اور باہر تمام سیکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی قسم کی بدتمیزی، غیر اخلاقی رویے یا اسٹیڈیم قوانین کی خلاف ورزی پر 5,000 سے 30,000 درہم تک کا جرمانہ اور تین ماہ تک قید کی سزا دی جا سکتی ہے۔
دبئی پولیس کا کہنا ہے کہ اسٹیڈیم میں نظم و ضبط، مہذب رویہ اور کھیلوں کے جذبے کو برقرار رکھنا ہر فرد کی ذمہ داری ہے تاکہ متحدہ عرب امارات کی بین الاقوامی سطح پر مہمان نوازی کی مثبت تصویر پیش کی جا سکے۔
تماشائیوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی ممنوعہ شے کو اسٹیڈیم میں نہ لائیں اور بدزبانی، نفرت انگیزی یا نسل پرستی پر مبنی کوئی بھی رویہ اپنانے سے گریز کریں ورنہ سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
شائقین کرکٹ کے لیے اہم ہدایات میں شامل ہیں۔
پولیس اور سیکیورٹی اسٹاف سے مکمل تعاون کریں
اپنے ٹکٹ کی صداقت چیک کریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی سے دور رہیں
صرف مقررہ داخلی راستوں سے اسٹیڈیم میں داخل ہوں
میچ سے کم از کم تین گھنٹے قبل اسٹیڈیم پہنچنے کی کوشش کریں
ہر ٹکٹ پر صرف ایک بار داخلے کی اجازت ہوگی
حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد صرف سیکیورٹی کو یقینی بنانا نہیں بلکہ ایک محفوظ، منظم اور باوقار اسپورٹس ماحول قائم رکھنا بھی ہے جہاں شائقین کرکٹ کو بہترین تجربہ حاصل ہو۔
کراچی میں کرکٹ کا میلہ! جانیں پاک بھارت فائنل کیلئے بڑی اسکرین کہاں لگے گی؟
پاکستان اور بھارت کے درمیان آج کا فائنل جہاں کھیل کے میدان میں جوش و جذبے کا مظہر ہوگا وہیں اسٹیڈیم کے اندر نظم و ضبط اور مہذب رویہ بھی اس ایونٹ کی کامیابی کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








