بلوچستان میں فورسز کی تابڑ توڑ کارروائیاں! بھارتی پراکسیز کے اڈے ملیامیٹ، 13 دہشت گرد ہلاک

تازہ ترین

تازہ ترین

علامتی تصویر

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور کیچ ضلع میں سیکیورٹی فورسز کی دو الگ الگ کارروائیوں میں “فتنۃ الخوارج” اور “فتنۃ الہندوستان” سے تعلق رکھنے والے 13 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ ضلع خضدار میں چار دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائیاں 30 ستمبر اور یکم اکتوبر کو کی گئیں۔ ان کارروائیوں میں بھارتی نیٹ ورکس فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 13 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

کوئٹہ میں انٹیلی جنس اطلاعات پر کارروائی کی گئی، جہاں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 10 بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج ہلاک کر دیے گئے۔

اسی طرح کیچ ضلع میں بھی انٹیلی جنس معلومات پر کارروائی کی گئی، جہاں دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا۔ کارروائی کے نتیجے میں فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے تین دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد برآمد کیا گیا۔ یہ دہشت گرد ملک کے مختلف حصوں میں تخریبی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔

ادھر آئی ایس پی آر کے مطابق خضدار ضلع میں بھی سیکیورٹی فورسز نے بھارتی نیٹ ورک فتنۃ الہندوستان کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بنیاد پر کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران چار دہشت گرد عورتوں کا بھیس بدل کر فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے لیکن فورسز نے انہیں گرفتار کر لیا۔ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ گرفتار دہشت گرد علاقے میں متعدد تخریبی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔

Related Posts