کراچی: بحیرۂ عرب میں موجود کم دباؤ کی شدت بڑھ کر ڈپریشن میں تبدیل ہو گئی ہے جو اس وقت کراچی سے تقریباً 440 کلومیٹر جنوب میں موجود ہے۔
اس موسمیاتی صورتحال کے باعث کراچی سمیت سندھ کے جنوب مشرقی اضلاع میں ہلکی اور درمیانی شدت کی بارش ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ سندھ کے ساحلی پٹی پر سمندری لہریں بلند ہونے اور موسم خراب رہنے کا خدشہ ہے۔
پیشگوئی کے مطابق ساحلی علاقوں میں سمندر کی صورتحال خراب سے نہایت خراب رہ سکتی ہے جبکہ ہوا کی رفتار 45 سے 55 کلومیٹر فی گھنٹہ تک بڑھ سکتی ہے۔
ماہی گیروں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 3 اکتوبر تک گہرے سمندر میں نہ جائیں۔ اس کے ساتھ ہی سندھ کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں اس وقت غیر معمولی مون سون کے اثرات دیکھنے کو مل رہے ہیں کیونکہ دو بڑے موسمیاتی نظام، ایک بحیرۂ عرب سے اور دوسرا خلیج بنگال سے، باہمی طور پر جڑ رہے ہیں جس کے باعث ملک کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں، آندھی طوفانوں اور ممکنہ سائیکلون جیسی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








