لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے جس سے موسلم میں خنکی بھی بڑھ گئی ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے بارش کا سلسلہ اگلے 24 گھنٹے تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی جس سے موسم ٹھنڈا ہوگیا ہے جبکہ لودھراں اور آس پاس کے علاقوں میں تیز بارشوں سے کئی سڑکیں ندی نالوں کی شکل اختیار کرگئیں جبکہ متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
ادھر پاکپتن اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش نے موسم کو مزید خوشگوار بنا دیا۔ کمالیہ شہر اور قریبی علاقوں میں بھی زور دار بارش، گرج چمک اور بجلی کی کڑک کے ساتھ ریکارڈ کی گئی۔
چچہ وطنی میں بارش کے دوران بعض شہری اور دیہی علاقوں میں ژالہ باری (اولے پڑنے) کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔ جہانیاں اور آس پاس کے علاقوں میں موسلا دھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی تیز بارش اور گرج چمک کا سلسلہ جاری رہا۔
دوسری جانب شمال مشرقی بلوچستان میں موسم نے کروٹ لی ہے جہاں ایران کی جانب سے داخل ہونے والی مغربی ٹھنڈی ہواؤں نے شمالی بلوچستان کے علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ گرد آلود طوفان نے چمن سمیت کئی علاقوں کو متاثر کیا جس کے نتیجے میں مقامی افراد کی بڑی تعداد ناک، گلے اور سانس کی تکالیف میں مبتلا ہوگئی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








