بھارت کی ریاست آندھرا پردیش کے ضلع کڑپہ کے علاقے پروڈدوٹور میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک بیٹے نے معمولی رقم نہ ملنے پر اپنی ماں کو بے دردی سے قتل کر دیا۔
پولیس حکام کے مطابق 52 سالہ متقولہ لکشمی دیوی سرکاری اسکول میں استاد تھیں جبکہ ان کا اکلوتا بیٹا یشونت کمار ریڈی حیدرآباد میں ملازمت اور فلموں میں کیریئر بنانے کی کوشش کر رہا تھا۔
یشونت ہر ماہ اپنی ماں سے کرایہ اور دیگر اخراجات کے لیے پیسے مانگتا تھا۔ پچھلے مہینے جب ماں نے پیسے نہ بھیجے تو اس نے تین ہزار روپے مانگے جو لکشمی دیوی نے بھیج دیے لیکن جب اس نے دس ہزار روپے مزید مانگے اور ماں نے انکار کیا تو وہ غصے میں آگیا۔
ملزم اتوار کو اچانک حیدرآباد سے اپنے گھر پروڈدوٹور پہنچا اور گھر پہنچتے ہی یشونت نے ماں سے جھگڑا شروع کر دیا اور اس پر حملہ کر دیا۔ شور سن کر جب باپ بیڈروم سے نکلنے لگے تو یشونت نے انہیں دھکا دے کر کمرے میں بند کر دیا۔ پھر اس نے چاقو سے ماں کا گلا کاٹ دیا اور لاش کو گھسیٹ کر صحن میں پھینک دیا۔
قتل کے بعد یشونت نے گھر کا دروازہ بند کیا اور ٹی وی پر گانے دیکھنے لگا۔ ماں کی چیخوں کی آواز سن کر پڑوسی جمع ہوگئے اور پولیس کو بلایا۔ پولیس نے فوراً یشونت کو گرفتار کر لیا اور باپ کو کمرے سے نکالا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








