سعودی عرب کا تاریخی فیصلہ! تمام ویزہ ہولڈرز کیلئے عمرہ کی نئی راہیں کھل گئیں

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

سعودی حکومت نے تمام اقسام کے ویزے پر عمرے کی ادائیگی کی اجازت دے دی ہے، وزارت حج و عمرہ کے مطابق سعودی عرب میں تمام اقسام کے ویزہ رکھنے والے افراد کسی بھی وقت عمرہ ادا کرسکتے ہیں۔

وزارت کے مطابق یہ سہولت ذاتی، خاندانی، ای ٹورسٹ، ٹرانزٹ، ورک اور دیگر تمام اقسام کے ویزہ ہولڈرز کے لیے دستیاب ہے۔ اس فیصلے کا مقصد مسلمانوں کے لیے عمرہ کو آسان، پرامن اور سہل بنانا ہے۔

وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ یہ اقدام سعودی وژن 2030 کے تحت لیا گیا ہے جو خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں مسلمانوں کو جدید سہولیات اور روحانی سکون فراہم کرنے کے لیے ہے۔

وزارت نے بتایا کہ حال ہی میں نسک عمرہ پلیٹ فارم بھی شروع کیا گیا ہے جس کے ذریعے عمرہ کے خواہشمند آن لائن پیکجز منتخب کر کے الیکٹرانک عمرہ پرمٹ حاصل کرسکتے ہیں۔ یہ جدید ڈیجیٹل نظام عمرہ کرنے والوں کو تاریخ، وقت اور خدمات کے انتخاب میں مکمل آزادی اور آسانی دیتا ہے۔

وزارت نے کہا کہ اس اقدام سے حج و عمرہ کی خدمات کے دائرہ کار میں مزید اضافہ ہوگا، اور سعودی حکومت کی ترجیح دنیا بھر کے زائرین کو آسانی، تحفظ اور آرام دہ ماحول فراہم کرنا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ سہولت زائرین کو دو مقدس مساجد کی زیارت اور عبادت کے بہترین انتظامات دینے کے عزم کی ایک علامت ہے تاکہ ان کا روحانی سفر زیادہ بابرکت اور پرامن ہوسکے۔

Related Posts