عوامی صحت سے کھلواڑ مہنگا پڑ گیا، جعلی ادویات فروش کو آٹھ سال قید، 2 کروڑ 60 لاکھ جرمانہ

تازہ ترین

تازہ ترین

علامتی فوٹو

ڈرگ کورٹ راولپنڈی نے بادشاہ دی ہٹی کے مالک عبدالرزاق کو جعلی اور غیر رجسٹرڈ دوائیں تیار کرنے اور فروخت کرنے کے جرم میں آٹھ سال اور تین ماہ قید کی سزا سناتے ہوئے 2 کروڑ 60 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔

عدالتی تفصیلات کے مطابق عبدالرزاق کو غیر قانونی طور پر ادویات تیار کرنے پر پانچ سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانہ، جبکہ غیر رجسٹرڈ ادویات فروخت کرنے پر تین سال قید اور 2 کروڑ 50 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔

عدالت نے مزید حکم دیا کہ اگر جرمانہ ادا نہ کیا گیا تو مجرم کو اضافی 24 ماہ قید بھگتنا ہوگی۔

یہ فیصلہ ڈرگ کورٹ راولپنڈی ڈویژن کے چیئرمین محمد فیصل بٹ نے قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد سنایا۔

سزا سنائے جانے کے بعد عبدالرزاق کو اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔

عدالتی فیصلے میں واضح کیا گیا کہ غیر قانونی دواؤں کے کاروبار کے خلاف عدالت کا رویہ سخت ہے کیونکہ یہ عوام کی صحت اور سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔

Related Posts