بالی وڈ کی معروف ڈانسر اور اداکارہ نورا فتحی ایک بار پھر مدھوک فلمز کی ہارر کامیڈی سیریز میں شاندار انداز میں واپسی کر رہی ہیں، ان کا نیا آئٹم نمبر ،دلبر کی آنکھوں، گانا ریلیز ہوتے ہی مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
نورا فتحی کا یہ گانا ان کے کیریئر کی ایک اور بڑی واپسی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جس میں ان کی مخصوص ڈانس پرفارمنس، جاذبِ نظر انداز اور بھرپور توانائی نے اسکرین پر ایک بار پھر آگ لگا دی ہے۔
فلم ٹھما مدھوک فلمز کے بینر تلے بنائی گئی ایک ہارر کامیڈی ہے جس میں آیوشمان کھرانہ، رشميکا مندانا، نوازالدین صدیقی اور پریش راول اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
یہ فلم معروف ہدایتکار ادتیہ سَرپوتدار کی ڈائریکشن میں تیار کی گئی ہے جبکہ اس کی کہانی نیرن بھٹ، سریش میتھیو اور ارون فلارا نے تحریر کی ہے۔
فلم کے پروڈیوسر دینیش وِجن اور امر کوشک ہیں۔ ٹھمّا مدھوک ہارر کامیڈی یونیورس کی پانچویں قسط ہے جو 21 اکتوبر 2025 کو دیوالی کے موقع پر عالمی سطح پر ریلیز کی جائے گی۔
نورا فتحی اس سے قبل 2018 میں فلم ستیہ میو جیتے کے گانے دلبر سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچی تھیں۔ یہ گانا ریلیز کے پہلے 24 گھنٹوں میں یوٹیوب پر دو کروڑ سے زائد ویوز حاصل کرنے میں کامیاب ہوا تھا۔
نورا فتحی نے اپنے فلمی سفر کا آغاز 2014 میں فلم رور: ٹائیگرز آف دی سندربنز سے کیا تھا تاہم انہیں اصل شہرت ان کے منفرد ڈانس نمبرز سے ملی جنہوں نے انہیں ایک بین الاقوامی سطح پر پہچان دی۔
مدھوک فلمز کی پچھلی فلم ستری 2 نے 2024 میں پانچ سو کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا تھا، جس کے بعد فلم ٹھمّا کے لیے شائقین میں غیر معمولی جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ دلبر کی آنکھوں کا نہ صرف نورا فتحی کے کیریئر کے لیے بلکہ فلم کی کامیابی کے لیے بھی ایک بڑا موڑ ثابت ہو سکتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








