چین تیزی سے عالمی تجارت پر اپنا سکہ جما رہا ہے، اور اب برطانیہ کی آٹو مارکیٹ میں بھی چینی برقی گاڑیوں نے دھوم مچا دی ہے۔
الیکٹرک کاریں تیار کرنے والی معروف چینی کمپنی BYD نے انکشاف کیا ہے کہ برطانیہ میں اس کی گاڑیوں کی فروخت میں صرف ایک سال کے دوران حیران کن طور پر 880 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
بی بی سی کے مطابق برطانیہ اب چین سے باہر BYD کی سب سے بڑی منڈی بن چکا ہے۔ کمپنی نے گزشتہ ماہ 11,271 گاڑیاں فروخت کر کے نیا ریکارڈ قائم کیا، جس نے مغربی آٹو انڈسٹری میں ہلچل مچا دی ہے۔
ماہرین کے مطابق برطانیہ چینی کمپنیوں کے لیے اس لیے پرکشش مارکیٹ بن چکا ہے کہ یورپی یونین اور امریکہ کے برعکس اس نے چین سے الیکٹرک گاڑیوں کی درآمد پر اضافی محصولات عائد نہیں کیے۔ یہی وجہ ہے کہ BYD جیسی کمپنیاں تیزی سے مارکیٹ میں اپنی گرفت مضبوط کر رہی ہیں۔
BYD کی گاڑیاں قیمت میں نسبتاً کم اور فیچرز کے لحاظ سے زیادہ جدید ہونے کے سبب صارفین میں مقبول ہو رہی ہیں۔ کمپنی کے مطابق، برطانیہ کی آٹو مارکیٹ میں اس کا حصہ ستمبر میں 3.6 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔
BYD کے برطانیہ میں کنٹری منیجر بونو جی کا کہنا ہے کہ کمپنی آنے والے مہینوں میں مزید نئی الیکٹرک اور ہائبرڈ گاڑیاں متعارف کرائے گی۔ ان کے مطابق برطانیہ میں BYD کا مستقبل انتہائی روشن ہے، جہاں کمپنی نے حال ہی میں اپنا 100 واں ریٹیل آؤٹ لیٹ بھی کھول دیا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ چین کی یہ برق رفتار پیش رفت نہ صرف یورپی کار ساز اداروں کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے بلکہ اس بات کا ثبوت بھی ہے کہ چین عالمی آٹو انڈسٹری میں نئی قیادت کے لیے پرعزم ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








