کراچی کے شہریوں کو لوٹنا سندھ حکومت کی واحد پالیسی! پی ٹی آئی ٹریفک جرمانوں پر برہم، احتجاجی تحریک کا عندیہ

تازہ ترین

تازہ ترین

PTI Sindh Leader Rizwan Khanzada Strongly Condemns Traffic Fines in Karachi
ONLINE

کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سندھ کے رہنما رضوان خانزادہ نے کراچی میں شہریوں پر عائد کیے جانے والے غیر منصفانہ اور ظالمانہ ٹریفک جرمانوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی ناکام، بدعنوان اور کراچی مخالف پالیسیوں کی ایک اور مثال ہے۔

رضوان خانزادہ نے کہا کہ سندھ حکومت کی واحد پالیسی کراچی کے شہریوں کو لوٹنا اور انہیں ہراساں کرنا ہے۔ یہ وہی حکومت ہے جو پچھلے پندرہ سالوں سے کراچی کے وسائل کو ہڑپ کر رہی ہے۔

شہر کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے کے بعد اب عوام پر لاکھوں کے بھاری جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں جبکہ خود وزراء، مشیران اور پولیس افسران ٹریفک قوانین کی کھلی خلاف ورزیاں کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت اور ڈی آئی جی ٹریفک کو سب سے پہلے ان خطرناک گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے جو روزانہ شہریوں کی جانوں کے لیے خطرہ بنی ہوئی ہیں۔ ان میں ڈمپرز، ٹریلرز، منی بسیں، چنگ چی رکشے اور آئل ٹینکرز شامل ہیں۔

ان کے مطابق ہ غیر قانونی گاڑیاں جعلی نمبر پلیٹس کے ساتھ آزادانہ طور پر سندھ کے ثقافتی نشانات لگا کر چل رہی ہیں، جو دوہرے معیار کی بدترین مثال ہے۔ عام شہریوں کو نشانہ بنانا پیپلز پارٹی کے وزیروں کی ایماء پر ہونے والا ظلم ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ کراچی کے عوام اربوں روپے کے ٹیکس ادا کرنے کے باوجود پانی، بجلی، گیس اور تحفظ جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔

ان کے مطابق اب پیپلز پارٹی حکومت نے ان سے عزت کے ساتھ جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔ سندھ پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ جرائم بڑھ رہے ہیں، رشوت عام ہے، اور اب عوام کو ٹریفک جرمانوں کے نام پر لوٹا جا رہا ہے۔

رضوان خانزادہ نے مطالبہ کیا کہ آئی جی سندھ اور ڈی آئی جی ٹریفک فوری طور پر اس جرمانہ مہم کو بند کریں، بصورت دیگر تحریک انصاف کراچی کے عوام کے ساتھ مل کر بھرپور سڑکوں پر احتجاجی تحریک کا آغاز کرے گی۔

انہوں نے آخر میں کہا کہ پیپلز پارٹی کا کرپٹ نظام اب کراچی پر مسلط نہیں رہ سکتا۔ عوام اب مزید ظلم برداشت نہیں کریں گے۔ اگر سندھ حکومت نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو عوامی بغاوت سڑکوں پر ہوگی اور پیپلز پارٹی کو اپنی کراچی دشمن پالیسیوں کا جواب دینا پڑے گا۔

Related Posts