آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ نکول کڈمین کی شوہر کیتھ اربن سے علیحدگی کے اعلان کے بعد پیرس فیشن ویک میں اپنی پُرکشش اور پُراعتماد انٹری نے مداحوں کو حیران کر دیا۔
58 سالہ ہالی ووڈ اسٹار نے شانیل اسپرنگ/سمَر 2026 کے رن وے شو میں شرکت کی جو دی گراں پیلیس ایفیمیر میں منعقد ہوا۔
نکول کڈمین نے سادہ مگر باوقار سفید اوور سائز شرٹ اور نیلی پینٹ میں شاندار انداز اپنایا جبکہ ان کا نیا ہیر اسٹائل اور چمکتا ہوا چہرہ خاص توجہ کا مرکز رہا۔ ان کے ساتھ ان کی دونوں بیٹیاں بھی موجود تھیں جو اپنی والدہ کی حوصلہ افزائی کے لیے تقریب میں شریک ہوئیں۔
انیس سالہ ازدواجی رشتے کے خاتمے کے باوجود نکول کڈمین کے چہرے پر اعتماد اور خوش مزاجی نمایاں تھی۔ وہ مداحوں کی جانب ہاتھ ہلاتی اور ہوائی بوسے دیتی دکھائی دیں جبکہ کیمرے ان کی ہر مسکراہٹ کو قید کر رہے تھے۔
دوسری جانب مارگوٹ رابی نے جرات مندانہ لباس کے ساتھ فیشن شو میں سب کی نگاہیں اپنی جانب مبذول کر لیں، کینڈل جینر نے سیاہ لباس میں اپنی فٹنس کا مظاہرہ کیا جبکہ سپر ماڈل ناؤمی کیمبل روایتی تاخیر سے مگر ہمیشہ کی طرح شاندار سفید پوشاک میں جلوہ گر ہوئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نکول کڈمین کے شوہر کیتھ اربن نے مبینہ طور پر ایک کم عمر گلوکارہ سے تعلقات استوار کر لیے ہیں تاہم قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ نکول نے اپنی توجہ فی الحال خاندان اور خود کی دیکھ بھال پر مرکوز کر رکھی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








