اسپیڈ آئیکون کی اسپیڈ کیوں کم ہوئی؟ فیراری کی نئی گاڑیوں کا ہدف سن کر سرمایہ کار پریشان

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ گیٹی امیجز)

دنیا کی مشہور اسپورٹس کار بنانے والی کمپنی فیراری کو جمعرات کے روز اسٹاک مارکیٹ میں ایسا دھچکا لگا جو کمپنی کی تاریخ کا بدترین دن بن گیا۔ وجہ بنی کمپنی کی جانب سے جاری کی گئی نئی معاشی حکمتِ عملی جس میں منافع اور ترقی کے اہداف میں کمی کر دی گئی۔

فیراری نے اپنے سرمایہ کاروں کے لیے ایک اہم اجلاس (کیپیٹل مارکیٹس ڈے) میں اعلان کیا کہ 2026 سے 2030 تک وہ سالانہ صرف 4 نئی گاڑیاں لانچ کرے گی اور 2030 تک کمپنی کی کل آمدنی کا ہدف 9 ارب یورو رکھا گیا ہے۔ اس سے پہلے کمپنی کی توقعات اس سے زیادہ تھیں۔

اس اعلان کے بعد میلان اسٹاک مارکیٹ میں فیراری کے شیئرز کی قیمت میں 16 فیصد سے زائد کی شدید کمی دیکھی گئی جو بعد میں کچھ حد تک بحال ہوئی لیکن پھر بھی دن کے اختتام پر 13 فیصد سے زائد کی کمی برقرار رہی جو 2016 میں کمپنی کے عوامی سطح پر اسٹاک لسٹ ہونے کے بعد اب تک کا بدترین دن ثابت ہوا۔

الیکٹرک کاروں سے قدم پیچھے، کیوں؟

فیراری نے ایک اور حیران کن اعلان یہ کیا کہ وہ اب 2030 تک اپنی 40 فیصد گاڑیاں مکمل الیکٹرک بنانے کے بجائے صرف 20 فیصد پر اکتفا کرے گی۔ اس کے علاوہ 40 فیصد ہائبرڈ اور باقی انجن پر مبنی روایتی گاڑیاں ہوں گی۔

کمپنی نے وضاحت کی کہ یہ تبدیلی صارفین کی ترجیحات، مارکیٹ کی حقیقی صورتحال اور مستقبل کے اندازوں کو دیکھتے ہوئے کی گئی ہے۔ فیراری کا کہنا ہے کہ وہ صارفین کو شامل رکھتے ہوئے فیصلے کر رہی ہے۔

پہلی الیکٹرک سپر کار 2026۔

فیراری نے اعلان کیا کہ اس کی پہلی مکمل الیکٹرک کار جسے Elettrica کہا جا رہا ہے، 2026 کے آخر میں مارکیٹ میں آئے گی۔ اس گاڑی کا بنیادی ڈھانچہ اور پاور سسٹم کمپنی نے ایک خصوصی ٹیکنالوجی ورکشاپ میں پیش کر دیا ہے۔ مکمل گاڑی کا عالمی پریمیئر اگلے سال متوقع ہے۔

تجزیہ کار کیا کہتے ہیں؟

بعض سرمایہ کاری ماہرین کا ماننا ہے کہ فیراری کی جانب سے طویل المدت اہداف میں محتاط انداز اختیار کرنا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ کمپنی فی الحال زیادہ منافع کی دوڑ میں شامل ہونے کے بجائے پائیدار ترقی اور محتاط فیصلوں پر زور دے رہی ہے جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ ان اعلانات نے سرمایہ کاروں کا اعتماد متزلزل کر دیا جس کا اثر فوری طور پر شیئرز کی قیمت پر پڑا۔

Related Posts