پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اپنی پہلی براہِ راست اسٹریمنگ سروس پی سی بی لائیو متعارف کروا دی ہے جو شائقینِ کرکٹ کو نہ صرف لائیو میچز دکھائے گی بلکہ پرانے یادگار لمحات اور میچز کی ریکارڈنگ بھی فراہم کرے گی۔
یہ جدید پلیٹ فارم شائقین کو پاکستان کرکٹ کی دنیا سے قریب تر لانے کیلئے بنایا گیا ہے جس میں بین الاقوامی میچز کے ساتھ ساتھ چند ملکی ٹورنامنٹس بھی نشر کیے جائیں گے۔ آنے والی سہ فریقی سیریز جس میں پاکستان، افغانستان اور سری لنکا شامل ہیں بھی اسی پلیٹ فارم پر براہِ راست دکھائی جائے گی۔
پی سی بی لائیو پر مداحوں کو پرانے تاریخی میچز، مشہور جھلکیاں، کھلاڑیوں کے انٹرویوز، تربیتی سیشنز، پردے کے پیچھے کی ویڈیوز اور خصوصی ڈاکیومنٹریز بھی دیکھنے کو ملیں گی۔
پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ یہ پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔ ہم خوش ہیں کہ آج کے ڈیجیٹل دور میں ہم اپنا او ٹی ٹی (OTT) پلیٹ فارم لانچ کر رہے ہیں جو شائقین کو سہولت کے ساتھ کرکٹ سے جوڑے رکھے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یہ سروس پہلے مرحلے میں برطانیہ میں متعارف کروائی گئی ہے جسے آہستہ آہستہ دیگر ممالک تک پھیلایا جائے گا تاکہ دنیا بھر میں موجود پاکستانی شائقین اپنے پسندیدہ کھیل سے جڑے رہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








