لاہور میں شخص گوگی بٹ کے خلاف حالات اچانک ڈرامائی موڑ اختیار کر گئے ہیں، طیفی بٹ کی ہلاکت کے بعد گوگی بٹ کی گرفتاری کی اطلاعات نے پنجاب میں کھلبلی مچادی ہے۔
اطلاعات کے مطابق گوگی بٹ، جو امیر بالاج کیس میں پہلے ہی زیرِ تفتیش تھے اور ضمانت پر تھے، اب ایک نئے قتل کیس میں ملوث قرار دے دیے گئے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق گوگی بٹ کو طیفی بٹ قتل کیس میں نامزد کیا گیا ہے۔
الزام عائد کیا گیا ہے کہ گوگی بٹ نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ طیفی بٹ کو پولیس حراست سے چھڑانے کی کوشش کی، جس دوران فائرنگ کے تبادلے میں طیفی بٹ اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر ہلاک ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق لاہور پولیس نے آج گوگی بٹ کی گرفتاری کے لیے ان کے گھر پر چھاپہ مارا تاہم گوگی بٹ پہلے ہی فرار ہو چکے تھے۔
سی سی ڈی پولیس کی ٹیم نے کارروائی کے دوران علاقے کا محاصرہ کیا لیکن کوئی گرفتاری عمل میں نہ آ سکی۔ بتایا جا رہا ہے کہ گوگی بٹ گزشتہ کئی دنوں سے زیرِ زمین تھے اور پولیس کو ان کی سرگرمیوں پر مکمل نظر رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
بعدازاں پولیس ذرائع نے تصدیق کی کہ گوگی بٹ کی پرانی رہائش گاہ، گوالمنڈی کے قریب، نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے اچانک فائرنگ کر دی۔
دو موٹر سائیکل سواروں نے کلاشنکوف سے متعدد گولیاں چلائیں تاہم کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔ پولیس نے موقع سے فائرنگ کے خول قبضے میں لے لیے اور شواہد اکٹھے کرنے کے بعد تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گوگی بٹ کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے گا جبکہ بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کے چند قریبی ساتھیوں کی گرفتاری کے امکانات بھی موجود ہیں۔
دوسری جانب لاہور سے بعض ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ گوگی بٹ کو بھی پولیس نے گرفتار کرلیا ہے تاہم ناگزیر وجوہات کی بنا پر ملزم کی گرفتاری منظر عام پر نہیں لائی گئی، مناسب وقت پر ملزم کی گرفتاری ڈال دی جائیگی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








