آسکر ایوارڈ یافتہ ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ ڈائنا کیٹن 79 برس کی عمر میں کیلیفورنیا میں انتقال کر گئیں۔
عالمی شہرت یافتہ اداکارہ نے 1977 کی کلاسک فلم Annie Hall میں اپنے یادگار کردار سے فلمی دنیا میں ایک ناقابلِ فراموش مقام حاصل کیا، جس کے لیے انہیں بہترین اداکارہ کا آسکر ایوارڈ دیا گیا۔
اے ایف پی کے مطابق ڈائنا کیٹن کے خاندانی ترجمان نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ہفتہ کے روز دنیا سے رخصت ہوئیں۔ ڈائنا کیٹن کا فنی سفر کئی دہائیوں پر محیط رہا، جس کے دوران انہوں نے مشہور ہدایتکار ووڈی ایلن کے ساتھ متعدد کامیاب فلموں میں کام کیا۔ Annie Hall نے نہ صرف بہترین فلم، بلکہ بہترین ہدایتکار اور اسکرین پلے کے آسکر بھی اپنے نام کیے، جس سے کیٹن کو ہالی ووڈ کی صفِ اوّل کی اداکاراؤں میں شمار کیا جانے لگا۔
ڈائنا کیٹن کا کردار The Godfather سیریز میں بھی ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، جہاں انہوں نے ال پچینو کے مقابل “کے ایڈمز کارلیون” کا مضبوط اور جذباتی کردار ادا کیا۔ بعد ازاں 1991 کی کامیڈی فلم Father of the Bride میں وہ ایک ایسی ماں کے روپ میں نظر آئیں جو بیٹی کی شادی کی تیاریوں میں خوشی اور الجھن کے درمیان جھولتی ہے۔
زندگی کے آخری برسوں میں ڈائنا کیٹن نے عمر رسیدہ خواتین کے تجربات اور احساسات پر مبنی فلموں Book Club (2018) اور Poms (2019) میں کام کیا، جنہوں نے ناظرین کو زندگی، محبت اور خوداعتمادی کے نئے مفاہیم سے روشناس کرایا۔
ڈائنا کیٹن کو آسکر کے علاوہ BAFTA اور Golden Globe ایوارڈز سے بھی نوازا گیا، جب کہ انہیں بہترین اداکارہ کے لیے مزید تین آسکر نامزدگیاں بھی حاصل ہوئیں۔ 2017 میں امریکن فلم انسٹیٹیوٹ نے انہیں لائف اچیومنٹ ایوارڈ دیتے ہوئے “ایک غیر روایتی، انوکھی اور اپنی مثال آپ شخصیت” قرار دیا۔
ان کے مداحوں اور ساتھی فنکاروں نے بھی گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ بیٹ مِڈلر نے لکھا، “ڈائنا ایک مکمل، حقیقی اور بے ساختہ انسان تھیں، ان کی سادگی اور مزاح نے سب کے دل جیت لیے۔” گولڈی ہان کے بقول، “ڈائنا کیٹن ہمارے لیے یادوں کی ایک چمکتی کرن چھوڑ گئی ہیں، جو ہمیشہ زندہ رہے گی۔”
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








