کراچی: سی او او واٹر کارپوریشن انجینئر اسداللہ خان نے رینجرز کے اعلیٰ حکام کے ہمراہ ناظم آباد کا دورہ کیا، جہاں پانی چوری کے خاتمے اور شہریوں کو منصفانہ فراہمی کے لیے جاری آپریشن کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر صدر سائٹ ایسوسی ایشن احمد عظیم اور سلیم بارک بھی موجود تھے۔
سی او او واٹر کارپوریشن نے سائٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداران کو آپریشن کی پیش رفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور مستقبل کی حکمتِ عملی پر روشنی ڈالی۔
انجینئر اسداللہ خان نے کہا کہ رینجرز نے پانی چوری کے خلاف آپریشن کی کامیابی میں کلیدی اور مثالی کردار ادا کیا جبکہ واٹر کارپوریشن کے اینٹی تھیفٹ سیل نے بھی غیر معمولی کارکردگی دکھائی۔
انہوں نے بتایا کہ مشترکہ کارروائی کے دوران آٹھ غیر قانونی کنکشنز منقطع کیے گئے، جس کے نتیجے میں پانی چوری میں ملوث ایک بڑا اور منظم نیٹ ورک بے نقاب ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پانی چوری شہر میں پانی کی قلت کی ایک بڑی وجہ ہے، جس کے باعث عام شہریوں کو پانی کی شدید کمی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
سی او او واٹر کارپوریشن نے مزید کہا کہ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کے واضح احکامات کے مطابق پانی چوری کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس غیر قانونی عمل میں ملوث عناصر کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پانی چوری میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور انہیں قانون کے مطابق کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔
دوسری جانب سائٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے رینجرز اور واٹر کارپوریشن کی کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات شہر کے مفاد میں نہایت اہم اور قابلِ ستائش ہیں۔
انہوں نے رینجرز اور واٹر کارپوریشن کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پانی چوری کے خلاف یہ سلسلہ جاری رہے گا تاکہ کراچی کے عوام کو بہتر اور منصفانہ پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








