پہلے ٹیسٹ کا دوسرا دن: نعمان علی کی شاندار بولنگ، جنوبی افریقہ 216 رنز پر 6 وکٹوں سے محروم

تازہ ترین

تازہ ترین

Pakistan’s Noman Ali Becomes World’s Second-Best Test Bowler
ONLINE/ FILE PHOTO

لاہور :قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز اسپنرز کا راج رہاجہاں پاکستان کے اسپنر نعمان علی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور جنوبی افریقہ کو 216 رنز پر چھ وکٹوں کے نقصان تک محدود کر دیا۔

جنوبی افریقی بلے باز ٹونی ڈی زورزی نے نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو سہارا دیا اور دن کے اختتام پر 81 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، جب کہ سینیورن متھوسامی 6 رنز پر ان کے ہمراہ موجود تھے۔ جنوبی افریقہ پہلی اننگز میں اب بھی پاکستان سے 162 رنز پیچھے ہے۔

میچ کے دوران اسپنرز کا مکمل غلبہ رہا اور دن بھر میں گرنے والی تمام 11 وکٹیں سست گیند بازوں کے حصے میں آئیں۔

جنوبی افریقی اسپنر سینیورن متھوسامی نے کیریئر کی بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے 117 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں اور پاکستان کی پہلی اننگز 378 رنز پر سمیٹی۔

جنوبی افریقہ نے شروعات اچھی کی اور 45 رنز پر کوئی نقصان نہیں تھا کہ نعمان علی نے کپتان ایڈن مارکرم کو 20 اور ویان ملڈر کو 17 رنز پر آؤٹ کر کے پاکستان کو پہلی کامیابیاں دلائیں۔

دونوں بلے باز وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد رائن ریکیلٹن اور ٹونی ڈی زورزی نے تیسری وکٹ کے لیے 94 رنز کی شراکت قائم کی، جس کے دوران ریکیلٹن نے جارحانہ انداز میں 71 رنز بنائے جن میں دو چھکے اور نو چوکے شامل تھے۔

یہ شراکت اس وقت ٹوٹی جب پارٹ ٹائم اسپنر سلمان آغا نے ریکیلٹن کو سلپ میں بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ بعد ازاں نعمان علی نے اپنے تیسرے اسپیل میں ٹرسٹن اسبز کو 8 اور کائل ویرین کو 2 رنز پر آؤٹ کیا جبکہ ساجد خان نے ڈیوالڈ بریوس کو صفر پر پویلین بھیج دیا۔

اس سے قبل پاکستان کی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز 313 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ سے کیا تھا، مگر سینیورن متھوسامی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے صرف 16 رنز کے اندر باقی پانچ وکٹیں حاصل کر لیں۔

آغا سلمان نے 93 رنز کی بہترین اننگز کھیلی جس میں پانچ چوکے اور تین چھکے شامل تھے، وہ اسپنر پرینالن سبریاین کی گیند پر باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے رضوان کے ساتھ چھٹی وکٹ پر 49 رنز کی شراکت قائم کی جس سے مجموعی اسکور 163 رنز کی شراکت تک پہنچ گیا۔

متھوسامی نے اس کے بعد رضوان کو 75 رنز پر آؤٹ کیا، جنہوں نے دو چھکے اور دو چوکے لگائے۔ دو گیندوں بعد نعمان علی صفر پر بولڈ ہوئے اور ساجد خان بھی پہلی ہی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

متھوسامی نے اپنا چھٹا شکار شاہین شاہ آفریدی کو بنایا، جنہیں انہوں نے 7 رنز پر بولڈ کیا۔ یہ ان کی ٹیسٹ کرکٹ میں اب تک کی بہترین بولنگ کارکردگی تھی، اس سے قبل ان کی بہترین کارکردگی 45 رنز کے عوض 4 وکٹیں تھی جو انہوں نے بنگلادیش کے خلاف چاٹگرام میں حاصل کی تھی۔

Related Posts