پشاور کے علاقے چمکنی میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں فضل حیدر نامی شخص نے گھریلو جھگڑے کے بعد اپنی بیوی اور دو کمسن جڑواں بیٹیوں کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور بعد ازاں خود پر بھی گولی چلا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ مسلم سٹی کے علاقے میں پیش آیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق فضل حیدر ولد شیر غنی نے پہلے اپنی اہلیہ کو فائرنگ کر کے ہلاک کیا جس کے بعد اس نے اپنی چھ سالہ جڑواں بیٹیوں مہرا اور منتہا کو بھی گولیوں کا نشانہ بنایا۔
پولیس ذرائع کے مطابق اطلاع ملنے پر چمکنی پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آئیں، تاہم ممکنہ طور پر گھریلو تنازع اس سانحے کا سبب بن سکتا ہے۔
پولیس کے مطابق مقتولہ بیٹیوں مہرا اور منتہا کی عمر محض چھ سال تھی اور دونوں جڑواں بہنیں تھیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و غم کی فضا قائم ہے۔ اہلِ علاقہ کے مطابق یہ خاندان چند سال قبل ہی چمکنی منتقل ہوا تھا اور کسی قسم کی دشمنی کی اطلاع نہیں ملی۔
پولیس نے فضل حیدر کے بھائی شیر اکرم کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس دلخراش واقعے کی مکمل اور غیر جانبدارانہ تفتیش کی جا رہی ہے تاکہ اصل وجوہات سامنے لائی جا سکیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








