واشنگٹن: پانچ سال کے طویل وقفے کے بعد فیس بک نے ایک بار پھر نوکریوں کے اشتہارات کا فیچر متعارف کروا دیا ہے۔
میٹا کمپنی کے مطابق یہ نیا نظام مقامی، سروس بیسڈ اور ٹریڈ (ہنرمندانہ) ملازمتوں پر توجہ دے گا تاکہ چھوٹے کاروبار اور مقامی افراد ایک دوسرے سے براہِ راست جڑ سکیں۔
میٹا نے اعلان کیا ہے کہ اب فیس بک پر جاب لسٹنگزمارکیٹ پلیس سیکشن کے تحت دستیاب ہوں گی جبکہ انہیں متعلقہ کمیونٹی گروپس میں بھی نمایاں کیا جائے گا۔
یہ فیچر 18 سال یا اس سے زائد عمر کے صارفین کے لیے دستیاب ہے اور ایک ڈیجیٹل سائن کے طور پر کام کرے گا جس سے مقامی امیدواروں تک پہنچنا تیز اور آسان ہو جائے گا۔ابتدائی طور پر اہم شہروں میں ریستورانوں اور چھوٹے کاروباروں نے اس سہولت کو استعمال کرنا شروع کر دیا ہے۔
میٹا نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام جاب پوسٹس فیس بک کی کمیونٹی اسٹینڈرڈز کے مطابق ہونی چاہئیں۔بالغ مواد، منشیات یا ذاتی نوعیت کی چائلڈ کیئر سروسز سے متعلق ملازمتوں کی اجازت نہیں ہوگی۔
اس کے علاوہ پچھلے تنازعات کے تناظر میں اینٹی ڈسکرمنیشن پالیسی (نسل، جنس یا مذہب کی بنیاد پر امتیاز) پر سختی سے عمل کیا جائے گا اور تمام جاب اشتہارات میٹا کی فیئر ایمپلائمنٹ پالیسی کے تحت آئیں گے۔
فیس بک نے یہ فیچر 2017 میں امریکہ اور کینیڈا میں لانچ کیا تھا جو بعد میں 2018 تک 40 سے زائد ممالک میں پھیل گیاتاہم 2022 میں کمپنی نے یہ فیچر شمالی امریکہ تک محدود کر دیا اور 2023 میں اسے مکمل طور پر بند کر دیا تھا۔
اب میٹا نے دوبارہ یہ سروس متعارف کروائی ہے تاکہ ہائرنگ کا عمل زیادہ شفاف اور کمیونٹی بیسڈ بنایا جا سکے۔کمپنی کے مطابق یہ قدم فیس بک کو دوبارہ کمیونٹی مرکوز اور مفید پلیٹ فارم بنانے کی کوشش کا حصہ ہے۔
فیس بک کے گروپس اور مارکیٹ پلیس اب بھی مقامی سطح پر انتہائی سرگرم ہیں اور یہی فیس بک کو ایک بار پھر لنکڈن یا انڈیڈجیسی پلیٹ فارمز کا مقامی متبادل بنا سکتا ہے۔
میٹا کے ترجمان کے مطابق نئی جاب سروس خاص طور پر انٹری لیول اور ٹریڈ ورک کے مواقع پر توجہ دے گی تاکہ محلے اور کمیونٹی سطح پر آجر اور امیدواروں کو جوڑا جا سکے۔
یہ فیچر اس وقت صرف امریکی صارفین کے لیے فعال کیا گیا ہے جبکہ عالمی سطح پر اس کے اجرا کا اعلان بعد میں متوقع ہے۔
امریکی صارفین اب فیس بک مارکیٹ پلیس گروپس اور بزنس پیجز کے ذریعے روزگار کے مواقع دیکھ اور براہِ راست اپلائی کر سکتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








