قاہرہ: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کے روز مصر میں ہونے والے غزہ امن اجلاس کے دوران اطالوی وزیرِاعظم جورجیا میلونی کو خوبصورت کہہ کر ایک نیا تنازع کھڑا کر دیا۔
79 سالہ ٹرمپ جو تین بار شادی کر چکے ہیں، نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ وہ جانتے ہیں ایسے الفاظ بولنے سے اُن پر جنسی تعصب کا الزام لگ سکتا ہے مگر وہ خطرہ مول لینے کے لیے تیار ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ مجھے یہ کہنے کی اجازت نہیں ہے کیونکہ عام طور پر اگر آپ کسی خاتون کے لیے ’خوبصورت‘ کا لفظ استعمال کریں تو آپ کا سیاسی کیریئر ختم ہو جاتا ہے لیکن میں یہ خطرہ اٹھا لیتا ہوں۔ وہ ایک خوبصورت اور نوجوان خاتون ہیں۔
Trump to Italy’s Meloni:
In the U.S., if you tell a woman she’s beautiful, your political career is over — but I’ll take my chances.
You won’t be offended if I say you’re beautiful, right? Because you are. pic.twitter.com/1I0tpceIKu
— Clash Report (@clashreport) October 13, 2025
ٹرمپ نے پیچھے مڑ کر 48 سالہ میلونی سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ کو برا تو نہیں لگتا اگر میں آپ کو خوبصورت کہوں؟ کیونکہ آپ ہیں۔
کیمرے کے زاویے کی وجہ سے میلونی کا فوری ردعمل ریکارڈ نہیں ہو سکا کیونکہ ٹرمپ ان کے سامنے کھڑے تھے۔
بعد ازاں ٹرمپ نے میلونی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ناقابلِ یقین خاتون اور بہت کامیاب سیاست دان ہیں جنہیں اٹلی میں عوامی سطح پر احترام حاصل ہے۔
غزہ امن اجلاس میں تقریباً 30 عالمی رہنماؤں نے شرکت کی، جن میں میلونی واحد خاتون رہنما تھیں۔ اجلاس کے اختتام پر شرکا نے غزہ میں امن کے فروغ کے لیے ایک مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کیے۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ٹرمپ کو ماضی میں بھی خواتین کے بارے میں متنازع بیانات پر شدید تنقید کا سامنا رہا ہے۔
حال ہی میں امریکی عدالتِ استیناف نے مصنفہ ای۔ جین کیرول کے خلاف ہتکِ عزت کے مقدمے میں ٹرمپ پر عائد 83.3 ملین ڈالر کے ہرجانے کے فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








