ملائیشیا کے شہر جوہر میں آج سلطان آف جوہر کپ 2025 کے دوران پاکستان اور بھارت کی انڈر21 ہاکی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی جس کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان ہاکی مقابلوں کا طویل تعطل ختم ہو جائے گا۔
یہ تاریخی ٹورنامنٹ نہ صرف کھیل کے میدان میں جوش و خروش پیدا کر رہا ہے بلکہ دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کے تعلقات میں برف پگھلنے کی امید بھی جگا رہا ہے۔
پاکستان نے 2025 ایشیا کپ میں شرکت نہیں کی تھی، جبکہ جونیئر ہاکی ورلڈ کپ کے مستقبل پر بھی غیر یقینی کے بادل چھائے ہوئے ہیں، اس لیے امکان ہے کہ یہ دونوں ٹیموں کے درمیان طویل عرصے تک ہونے والا واحد براہِ راست مقابلہ ہو۔
بھارت اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے، جبکہ پاکستان تیسرے نمبر پر ہے ،پاکستان کے لیے آج کی جیت نہ صرف سیمی فائنل کی امید زندہ رکھے گی بلکہ کھلاڑیوں کے حوصلے بھی بلند کرے گی۔
گزشتہ برس 2024 میں ہونے والے جونیئر ایشیا کپ میں دونوں ٹیمیں آمنے سامنے آئیں تھیں، جہاں بھارت نے 3کے مقابلے 5 گولز سے کامیابی حاصل کرکے ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
روایتی حریفوں کے درمیان یہ ٹکراؤ ہمیشہ جذبات، فخر اور قومی وقار کا معاملہ بن جاتا ہے۔آج کا میچ بھی کسی فائنل سے کم نہیں جہاں دونوں ٹیمیں اپنے اعزاز اور برتری کے لیے بھرپور کھیل پیش کرنے کے عزم میں ہیں۔
پاکستانی شائقین یہ سنسنی خیز مقابلہ شام 6 بج کر پانچ منٹ پر یوٹیوب پر براہِ راست دیکھ سکتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








