لاہور میں جاری ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستان ٹیم اپنی دوسری اننگز میں صرف 167 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی جبکہ جنوبی افریقہ کو میچ جیتنے کے لیے اب 277 رنز درکار ہیں۔
پاکستان کی دوسری اننگز کی شروعات اچھی نہ رہی۔ پہلی اننگز میں 93 رنز بنانے والے امام الحق اس بار صرف 5 رنز پر بولڈ ہو گئے جبکہ کپتان شان مسعود، جنہوں نے پہلے 76 رنز کی اننگز کھیلی تھی، اس مرتبہ صرف 7 رنز ہی بنا سکے۔
عبداللہ شفیق نے 41 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ بابراعظم 42 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سعود شکیل 38 رنز پر کیچ ہو گئے اور محمد رضوان صرف 14 رنز پر بولڈ ہو گئے۔ شاہین آفریدی صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ نچلے آرڈر کے بلے باز بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔
دوسری اننگز میں پاکستان کا کوئی بھی بلے باز لمبی اننگز نہ کھیل سکا اور پوری ٹیم 167 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
اس سے پہلے جنوبی افریقی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 269 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی۔ اس طرح پاکستان کو دوسری اننگز میں 109 رنز کی برتری حاصل تھی۔
جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز میں ٹونی ڈی ذورزی نے 104 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ باقی بلے باز زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے۔ پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے زبردست بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں، ساجد خان نے 3 اور سلمان علی آغا نے 1 وکٹ لی۔
یاد رہے کہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 378 رنز بنائے تھے جس میں امام الحق اور آغا سلمان نے 93، 93 رنز، شان مسعود نے 76 اور محمد رضوان نے 75 رنز اسکور کیے تھے۔
اب جنوبی افریقہ کو آخری اننگز میں 277 رنز کا ہدف حاصل کرنا ہے جبکہ پاکستان کو جیت کے لیے وکٹیں درکار ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








