کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں منگل کے روز زبردست تیزی دیکھی گئی جب کے ایس ای 100 انڈیکس میں 7032اعشاریہ 60 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ہوا۔
انڈیکس میں 4اعشاریہ 44 فیصد کی مثبت تبدیلی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد کاروبار کے اختتام پر انڈیکس 165476اعشاریہ 02 پوائنٹس پر بند ہوا جو گزشتہ سیشن کے 158443اعشاریہ 42 پوائنٹس کے مقابلے میں نمایاں بہتری ظاہر کرتا ہے۔
کاروباری دن کا آغاز سبز نشان میں ہوا اور سیشن کے دوران مارکیٹ میں مسلسل تیزی برقرار رہی، جو پیر کے روز چار ہزار پوائنٹس کی کمی کے بعد ایک مضبوط بحالی کی علامت ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق منگل کے روز مجموعی طور پر 58 کروڑ 64 لاکھ 46 ہزار 162 حصص کا کاروبار ہوا، جو گزشتہ روز کے ایک ارب 36 کروڑ 57 لاکھ 3 ہزار 374 حصص کے مقابلے میں کم تھا۔
حصص کی مجموعی مالیت 44اعشاریہ 772 ارب روپے رہی، جو گزشتہ سیشن کے 62اعشاریہ 465 ارب روپے سے کم ہے۔
کاروبار کے دوران کل 483 کمپنیوں کے حصص کی خرید و فروخت ہوئی، جن میں سے 391 کمپنیوں کے شیئرز کی قدر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، 69 کمپنیوں کے شیئرز میں کمی ہوئی جبکہ 23 کمپنیوں کے نرخ مستحکم رہے۔
سرمایہ کاروں کی دلچسپی خاص طور پر آٹوموبائل، سیمنٹ، کمرشل بینکنگ، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن، پاور جنریشن، اور ریفائنری سیکٹرز میں دیکھی گئی۔
بڑی کمپنیوں جیسے حبکو، اے آر ایل، ماری، او جی ڈی سی، پی او ایل، پی پی ایل، پی ایس او، ایس ایس جی سی، ایس این جی پی ایل اور وافی کے شیئرز سبز نشان میں بند ہوئے۔
ماہرین کے مطابق اسٹاک مارکیٹ کی موجودہ تیزی کا انحصار سیاسی استحکام اور حکومت کی بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پروگرام پر عمل درآمد کی پالیسیوں پر ہے۔
اگر حکومت نے معاشی اصلاحات کے تسلسل کو برقرار رکھا تو آئندہ دنوں میں سرمایہ کاروں کے اعتماد میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








