بھارتی ریاست راجستھان میں بس میں آگ لگنے سے 19 افراد زندہ جل گئے، ہولناک ویڈیو

تازہ ترین

تازہ ترین

At least 19 dead after bus catches fire in India's Rajasthan
ONLINE

بھارتی ریاست راجستھان میں ایک نجی بس میں خوفناک آگ لگنے کے باعث 19 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

بھارتی نشریاتی ادارے کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ جیسلمیر سے جودھپور جانے والی بس میں پیش آیا جس میں 57 مسافر سوار تھے۔

عینی شاہدین کے مطابق بس کے پچھلے حصے سے اچانک دھواں اٹھنے لگا جس پر ڈرائیور نے فوری طور پر بس سڑک کے کنارے روک دی تاہم چند لمحوں بعد ہی آگ نے پوری بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

 

ابتدائی تحقیقات میں پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ یہ حادثہ ممکنہ طور پر شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آیا۔

واقعے میں 15 مسافر، جن میں دو بچے بھی شامل ہیں، شدید جھلس گئے، بعض زخمیوں کے جسم کا 70 فیصد حصہ جھلس چکا ہے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ جیسلمیرمیں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج ہوا ہے، میری ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

وزیراعظم مودی نے اعلان کیا کہ وزیرِاعظم نیشنل ریلیف فنڈ سے جاں بحق افراد کے لواحقین کو دو لاکھ روپے اور زخمیوں کو پچاس ہزار روپے معاوضے کے طور پر فراہم کیے جائیں گے۔

پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں تاہم ابھی تک بس کے مالک یا کمپنی کی جانب سے کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی۔

واقعے نے مقامی سطح پر شدید غم و غصے کی فضا پیدا کر دی ہے جبکہ جائے وقوعہ پر ریسکیو ٹیموں نے کولنگ آپریشن مکمل کر لیا ہے۔

Related Posts