بھارتی اداکارہ شیفالی شاہ ایک بار پھر مشہور ویب سیریز دہلی کرائم کے تیسرے سیزن میں اپنے معروف کردار ڈی سی پی ورتیکا چترویدی کے روپ میں نظر آئیں گی۔
یہ نیا سیزن 13 نومبر 2025 کو نیٹ فلیکس پر ریلیز کیا جائے گا جس کی کہانی بھارت میں انسانی اسمگلنگ کے ایک خطرناک اور منظم نیٹ ورک کے گرد گھومتی ہے۔
یہ سیزن حقیقی واقعہ سے متاثر ہے جس نے بھارت بھر میں انسانی ہمدردی اور عدالتی نظام کے حوالے سے کئی سوالات اٹھائے تھے۔
کہانی کا آغاز ایک لاوارث بچی کی دریافت سے ہوتا ہے جس کے بعد ورتیکا چترویدی اور ان کی ٹیم ایک ملک گیر انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک تک پہنچتی ہے۔ اس کہانی میں طاقت، بدعنوانی، ظلم اور انصاف کی جدوجہد کو انتہائی حقیقت پسندانہ انداز میں دکھایا گیا ہے۔
نیٹ فلیکس نے اس سیزن کی ریلیز کی تاریخ اور مختصر ٹیزر16 اکتوبر 2025 کو جاری کی۔ دہلی کرائم اپنی حقیقی واقعات پر مبنی کہانیوں، گہرے جذباتی پہلوؤں اور پولیس کے نظام کے اندر موجود پیچیدگیوں کے مؤثر اظہار کے باعث عالمی سطح پر پہچانی جاتی ہے۔
اس بار سیریز میں اداکارہ ہما قریشی مرکزی منفی کردار یعنی ایک اسمگلنگ نیٹ ورک کی سربراہ بڑی دیدی کے روپ میں نظر آئیں گی، جو ڈی سی پی ورتیکا کے لیے ایک نہایت خطرناک مخالف ثابت ہوتی ہے۔
پرانے اداکاروں میں راشیکا دگل، راجیش تیلانگ، جیا بھٹاچاریہ اور انوراگ اروڑا شامل ہیں جبکہ تنوج چوپڑا جو دوسرے سیزن کے ڈائریکٹر تھے، اس بار بھی ہدایتکاری کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
تیسرے سیزن کو پچھلے دونوں حصوں سے زیادہ سنجیدہ اور گہرا قرار دیا جارہا ہے، جہاں انسانیت، قانون، طاقت اور اخلاقیات کے درمیان ایک شدید اور پراثر کشمکش دکھائی جائے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








