زمین سے خلا تک؛ پاکستان کا پہلا ہائپر اسپیکٹرل سیٹلائٹ کامیابی سے لانچ! ویڈیو دیکھیں

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ اسکرین گریب)

پاکستان نے خلا میں اپنا پہلا ہائپر اسپیکٹرل سیٹلائٹ (HS-1) کامیابی سے لانچ کر دیا ہے۔ یہ سیٹلائٹ اتوار کے روز چین کے جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے پاکستانی ماہرین اور انجینئرز کی موجودگی میں خلا میں بھیجا گیا۔

کراچی میں واقع سپارکو (Space and Upper Atmosphere Research Commission) کے دفتر میں سیٹلائٹ کی روانگی کے مناظر براہِ راست دکھائے گئے جس سے یہ لمحہ سائنسی ترقی کے ایک اہم سنگِ میل کے طور پر یادگار بن گیا۔

سپارکو کے ترجمان کے مطابق یہ سیٹلائٹ ماحول، زمین اور موسم سے متعلق معلومات جمع کرنے میں مدد دے گا۔ خاص طور پر یہ سیٹلائٹ سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر قدرتی آفات کی پیشگی نشاندہی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اس کے علاوہ ماحولیاتی تبدیلیوں اور زمینی خطرات کی بروقت نگرانی بھی ممکن ہو سکے گی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ HS-1 سیٹلائٹ پاکستان کے نیشنل اسپیس پالیسی اور وژن 2047 کا حصہ ہے، اور یہ مشن شہری منصوبہ بندی، انفراسٹرکچر کی نقشہ سازی اور مستقبل کی ترقیاتی اسکیموں کے لیے ایک نیا باب کھولے گا۔

یہ سیٹلائٹ رواں سال خلا میں بھیجے جانے والے پاکستان کے تیسرے سیٹلائٹ کا اعزاز حاصل کر چکا ہے۔ اس سے قبل پاکستان EO-1 اور KS-1 سیٹلائٹس خلا میں بھیج چکا ہے۔

سپارکو حکام کے مطابق، HS-1 سیٹلائٹ خلا سے دو سے تین ماہ کے اندر تصاویر بھیجنا شروع کر دے گا جو پاکستان کی سائنسی، ماحولیاتی اور ترقیاتی منصوبہ بندی کے لیے ایک قیمتی اثاثہ ثابت ہوں گی۔

Related Posts