عزم، ہمت اور قربانی کی نئی داستان! ڈی آئی خان میں جونیئر کمیشنڈ آفیسر سمیت 4 ایف سی اہلکار وطن پر قربان

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کوٹ للو میں سوئی ناردرن گیس پائپ لائن کی حفاظت میں مصروف فرنٹیئر کور (ایف سی) پر مسلح حملہ آوروں نے فائرنگ کی۔ یہ واقعہ تقریباً 8:40 بجے پیش آیا جب حملہ آوروں نے گیس پائپ لائن کی مرمت یا تنصیب کرنے والی ٹیم پر اچانک فائرنگ شروع کر دی۔

دہشت گرد حملے میں ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر سمیت کم از کم 4 سیکورٹی اہلکار شہید ہو گئے جبکہ 11 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے جہاں کچھ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

دہشتگرد حملے کی ذمہ داری ابھی تک کسی گروپ نے قبول نہیں کی لیکن یہ علاقہ دہشتگردی کی سرگرمیوں کا مرکز رہا ہے۔ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور حملہ آوروں کی تلاش میں کارروائی کی جا رہی ہے۔

حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے لیکن حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ملٹری اور انٹیلی جنس ادارے ان دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں۔

پاک فوج کے حکام نے کہا ہے کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور ملک دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔ ہمارے بہادر فوجی وطن کی سلامتی کے لیے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں اور ہر قطرہ خون ہماری قربانیوں کا ثبوت ہے۔

شہداء کی لاشیں ان کے آبائی علاقوں کو مکمل سرکاری اعزازات کے ساتھ پہنچائی جائیں گی جہاں ان کی فوجی پروٹوکول کے ساتھ نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔ اس موقع پر اعلیٰ حکام، مقامی انتظامیہ اور شہداء کے اہل خانہ شریک ہوں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ان اہلکاروں کی قربانیاں قوم کے حوصلے کو مزید مضبوط کرتی ہیں اور ملک دشمن عناصر کے خلاف ہماری عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔

یہ واقعہ علاقے میں گیس انفراسٹرکچر اور سیکورٹی فورسز پر بڑھتے حملوں کی ایک اور مثال ہے جو عوام کی حفاظت اور قومی اثاثوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے صوبائی اور وفاقی حکام نے شدید مذمت کی ہے۔

Related Posts