لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بنچ نے مشہور “چائے والے” ارشد خان کا شناختی کارڈ بحال کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالتی فیصلے کے بعد نادرا نے ان کی شہریت کی تصدیق کرتے ہوئے کارڈ دوبارہ فعال کردیا۔
وکیل عمر اعجاز گیلانی نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ارشد خان اور ان کا خاندان باقاعدہ پاکستانی شہری ہیں اور ان کا تمام ریکارڈ درست ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ کسی شہری کا شناختی کارڈ یا پاسپورٹ بلاک کرنا بنیادی آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
واضح رہے کہ نادرا نے چند ماہ قبل ارشد خان کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کردیا تھا، جس کے خلاف انہوں نے عدالت سے رجوع کیا۔ درخواست میں کہا گیا تھا کہ نادرا حکام 1978 سے پہلے کے رہائشی ثبوت مانگ رہے ہیں۔
یاد رہے، ارشد خان نے نوعمری میں اسلام آباد میں چائے بیچتے ہوئے شہرت حاصل کی تھی، جب ان کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ اب عدالت کے فیصلے کے بعد ان کی پاکستانی شہریت کا تنازع ختم ہوگیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








