بالی ووڈ کا ’’جیلر‘‘ خاموش ہوگیا، مزاح کے بادشاہ اسرانی 84 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

تازہ ترین

تازہ ترین

اسرانی، فائل فوٹو

بالی ووڈ کے لیجنڈری مزاحیہ اداکار گوردھن اسرانی زندگی کا بھرپور سفر طے کرنے کے بعد 84 برس کی عمر میں ممبئی میں انتقال کر گئے۔

اہل خانہ کے مطابق وہ طویل علالت کے بعد پیر کی شام تقریباً چار بجے دنیا سے رخصت ہوئے۔ ان کی موت کی وجوہات تاحال ظاہر نہیں کی گئیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ وفات سے چند گھنٹے قبل ہی انہوں نے اپنے انسٹاگرام پر دیوالی 2025 کی مبارکباد شیئر کی تھی، گویا وہ خود بھی اس اچانک جدائی سے بے خبر تھے۔

راجستھان کے تاریخی شہر جے پور سے تعلق رکھنے والے اسرانی کی موت نے بھارتی فلم انڈسٹری کو گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا۔ وہ وہی اسرانی ہیں جن کا ’’جیلر‘‘ فلم شعلے میں آج بھی فلمی مزاح کی تاریخ کا یادگار کردار سمجھا جاتا ہے۔

پانچ دہائیوں سے زائد طویل فنی سفر میں اسرانی نے 350 سے زیادہ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان کی شاندار کارکردگی نے بھول بھلیاں، دھمال، بنٹی اور ببلی 2، آل دی بیسٹ، ویلکم، آر راجکمار اور نمک حرام جیسی درجنوں کامیاب فلموں کو ناظرین کے دلوں میں زندہ رکھا۔

1972 سے 1984 کے درمیان وہ کئی فلموں کے مرکزی ہیرو کے طور پر نظر آئے، جب کہ بعد کے برسوں میں ان کے معاون کرداروں نے فلموں میں نرمی، شوخی اور ہنسی کا خوبصورت امتزاج پیدا کیا۔

1941 میں جے پور میں پیدا ہونے والے اسرانی نے اداکاری کی تربیت استاد کل بھائی ٹھاکر سے حاصل کی اور ممبئی جا کر ہرشیش مکھرجی اور کشور سہو جیسے بڑے فلم سازوں کی رہنمائی میں فلم انسٹی ٹیوٹ سے وابستہ ہوئے۔

ان کی ازدواجی زندگی بھی فلمی رنگوں سے بھری رہی۔ اداکارہ منجو بنسل سے ان کی ملاقات ’’آج کی تازہ خبر‘‘ اور ’’نمک حرام‘‘ کے دوران ہوئی، جو بعد میں ان کی شریکِ حیات بنیں۔

اسرانی نے اپنی مزاحیہ اداکاری، مخصوص مکالمہ ادائیگی اور پُرخلوص مسکراہٹ سے بھارتی سنیما کو وہ خوشی دی جو شاید ہی کوئی دوسرا اداکار دے سکا ہو۔ ان کے جانے سے بالی ووڈ نے صرف ایک فنکار نہیں، بلکہ ایک عہدِ مسکراہٹ کو کھو دیا ہے۔

Related Posts