پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان مسلسل دوسرے دن بھی برقرار ہے اور آج منگل 21 اکتوبر کو کاروبار کے آغاز کے صرف 20 منٹ میں ہی ہنڈرڈ انڈیکس میں 1,435 پوائنٹس کا زبردست اضافہ دیکھنے میں آیا۔
صبح 9 بج کر 50 منٹ پر مارکیٹ 166,242.90 پوائنٹس سے بڑھ کر 167,678 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہی تھی جو 0.86 فیصد مثبت تبدیلی کو ظاہر کرتا ہے۔
اس سے ایک روز قبل پیر کو بھی مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی تھی جب 100 انڈیکس میں 2,436.68 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور انڈیکس 166,242.90 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
آج تقریباً 1 ارب 47 کروڑ شیئرز کا لین دین ہوا جبکہ گزشتہ روز یہ تعداد 1 ارب 97 کروڑ سے زائد تھی تاہم شیئرز کی کل مالیت میں نمایاں اضافہ ہوا جو کہ 36.99 ارب روپے سے بڑھ کر 51.87 ارب روپے تک پہنچ گئی۔
اس دن 485 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا جن میں سے 289 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں اضافہ، 156 میں کمی جبکہ 40 کمپنیوں کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل کرنے والی سرفہرست تین کمپنیاں یہ رہیں؛
کے الیکٹرک (22.97 کروڑ شیئرز، فی شیئر قیمت: 6.99 روپے)
ورلڈ کال ٹیلیکام (22.34 کروڑ شیئرز، فی شیئر قیمت: 2.16 روپے)
بینک آف پنجاب (18.44 کروڑ شیئرز، فی شیئر قیمت: 39.41 روپے)
سب سے زیادہ فائدہ ہوئسٹ پاکستان لمیٹڈ کو ہوا جس کے شیئر کی قیمت میں 261.96 روپے اضافہ ہوا اور یہ 4,288.29 روپے پر بند ہوا۔ اس کے بعد پاکستان سروسز لمیٹڈ نے 102.24 روپے اضافے کے ساتھ 1,124.59 روپے کی قیمت حاصل کی۔
دوسری جانب پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ کو سب سے زیادہ نقصان ہوا جس کا شیئر 271.70 روپے گر کر 24,310.10 روپے پر آ گیا۔ اسماعیل انڈسٹریز لمیٹڈ بھی 99.87 روپے کمی کے ساتھ 2,000.13 روپے پر بند ہوئی۔
فیوچر مارکیٹ میں 321 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا جن میں سے 215 کے شیئرز میں اضافہ اور 106 کے شیئرز میں کمی دیکھی گئی۔
مارکیٹ کے اس مثبت رجحان کو ملکی سیاسی و معاشی منظرنامے میں بہتری کی امیدوں سے بھی جوڑا جا رہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








