آپ کی ویڈیوز بھی ڈیلیٹ ہوگئیں؟ ٹک ٹاک سے پاکستانیوں کی 2 کروڑ 54 لاکھ ویڈیوز غائب

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

شارٹ ویڈیو پلیٹ فارم ٹک ٹاک نے رواں سال کی دوسری سہ ماہی (اپریل تا جون 2025) کے دوران پاکستان سے کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی پر تقریباً 2 کروڑ 54 لاکھ 48 ہزار ویڈیوز ہٹا دیں۔

ٹک ٹاک کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ان ویڈیوز کو یا تو نامناسب مواد کی وجہ سے ہٹایا گیا یا پھر انہوں نے پلیٹ فارم کے اصولوں کی خلاف ورزی کی۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ پاکستان میں نامناسب ویڈیوز کو ہٹانے کی شرح 99.7 فیصد رہی جبکہ 96 فیصد سے زائد ویڈیوز کو اپلوڈ ہونے کے 24 گھنٹوں کے اندر اندر حذف کر دیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق دنیا بھر سے 19 کروڑ ویڈیوز کو ہٹایا گیا جو ٹک ٹاک پر اپلوڈ ہونے والے کل مواد کا تقریباً 0.7 فیصد بنتا ہے۔

ان میں سے 16 کروڑ 39 لاکھ سے زائد ویڈیوز خودکار ٹیکنالوجیز کے ذریعے شناخت کر کے ہٹائی گئیں جبکہ 74 لاکھ سے زائد ویڈیوز کو نظرثانی کے بعد دوبارہ بحال کر دیا گیا۔

عالمی سطح پر بھی پلیٹ فارم نے کارروائی میں تیزی دکھائی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں نامناسب مواد ہٹانے کی شرح 99.1 فیصد رہی اور 94.4 فیصد مواد کو 24 گھنٹوں کے اندر حذف کیا گیا۔

ٹک ٹاک نے جعلی اکاؤنٹس کے خلاف بھی سخت قدم اٹھایا۔ رپورٹ کے مطابق اسی سہ ماہی میں 7 کروڑ 69 لاکھ سے زائد جعلی اکاؤنٹس اور تقریباً 2 کروڑ 59 لاکھ ایسے اکاؤنٹس بھی بند کیے گئے جن کے بارے میں شبہ تھا کہ وہ 13 سال سے کم عمر بچوں کے ہیں۔

ٹک ٹاک کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد پلیٹ فارم کو محفوظ، بااعتماد اور کمیونٹی اصولوں کے مطابق رکھنا ہے۔

Related Posts