ڈرنے کی ضرورت بالکل نہیں! این ڈی ایم اے نے ریکارڈ توڑ سردی کی پیشگوئی سے پریشان شہریوں کو خوشخبری سنادی

تازہ ترین

تازہ ترین

NDMA denies drought, record cold rumours in Pakistan
FILE PHOTO

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اس تاثر کی تردید کی ہے کہ پاکستان شدید خشک سالی یا ریکارڈ توڑ سردی کی لپیٹ میں آنے والا ہے۔

اتھارٹی کے مطابق اگرچہ رواں موسمِ سرما میں بارشیں معمول سے کم رہیں گی تاہم ملک بھر میں کسی بڑے پیمانے پر خشک سالی یا انتہائی سرد درجہ حرارت کا کوئی خطرہ نہیں۔

این ڈی ایم اے کے حکام نے بتایا کہ رواں برس موسمِ سرما معمول سے کچھ زیادہ خشک اور ٹھنڈا ضرور ہوگا لیکن یہ حالات قدرتی موسمی معمولات کے دائرے میں ہیں۔

اتھارٹی کے مطابق رواں سال ملک میں مجموعی طور پر بارش کی شرح معمول سے کم رہے گی تاہم اس کے اثرات محدود نوعیت کے ہوں گے۔

بلوچستان کے چند اضلاع مثلاً خاران، چاغی، واشک اور نوشکی میں معمولی درجے کی موسمی خشک سالی پیدا ہوسکتی ہے مگر اسے قومی سطح کی خشک سالی قرار نہیں دیا جا سکتا۔

این ڈی ایم اے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ رواں مون سون کے دوران 23 فیصد زائد بارشوں کے باعث ملک کے آبی ذخائر تسلی بخش حالت میں ہیں اور سردیوں میں کسی بڑے آبی بحران کا خدشہ نہیں۔

اتھارٹی نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی یہ افواہیں کہ پاکستان میں اس سال ریکارڈ توڑ سردی پڑے گی، درست نہیں البتہ لا نینا کے اثرات کے باعث دسمبر اور جنوری کے مہینوں میں موسم معمول سے زیادہ ٹھنڈا رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ نے بتایا کہ سردی کا احساس معمول سے زیادہ ضرور ہوگا لیکن درجہ حرارت ریکارڈ سطح تک نہیں گرے گا۔ البتہ کم بارشوں کے باعث فضا میں آلودگی بڑھنے کا امکان ہے، جو سانس کی بیماریوں اور دیگر موسمی امراض میں اضافہ کرسکتی ہے۔

این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی کہ وہ موسم سے متعلق غیر مصدقہ خبریں پھیلانے سے گریز کریں اور درست معلومات کے لیے صرف محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) اور این ڈی ایم اے کے سرکاری اعلانات پر انحصار کریں۔

Related Posts