اسلام آباد: تحریکِ انصاف کی حکومت نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں گورنر رضا باقر کے بعد انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کا ایک اور افسر اہم ترین عہدے پر فائز کردیا ہے۔
آئی ایم ایف آفیسر مرتضیٰ سیّد کو اسٹیٹ بینک کا ڈپٹی گورنر بنا دیا گیا جبکہ آئی ایم ایف کے محکمہ حکمتِ عملی، پالیسی و نظر ثانی میں ڈپٹی ڈویژنل چیف کے طورپر پہلے ہی کام کر رہے ہیں۔
مذکورہ آئی ایم ایف آفیسر مرتضیٰ سیّد کو مختلف ممالک میں آئی ایم ایف کے مختلف پروجیکٹس پر کام کا وسیع و عریض تجربہ حاصل ہے۔ انہوں نے چین، جاپان، کوریا اور کولمبیا کے ساتھ ساتھ یورپی ممالک میں بھی کام کیا۔
آکسفورڈ یونیورسٹی سے معاشیات میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے والے مرتضیٰ سیّد نے آئی ایم ایف سے قبل بھی متعدد ملکی و بین الاقوامی اداروں میں کام کا تجربہ حاصل کیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان رضا باقر نے کہا ہے کہ حکومتی اقدام کے سبب سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا، ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے14 دسمبر کو فنانشل کرائم سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہم نے ایف اے ٹی ایف کی شرائط پر عمل کیا، عالمی ادارے بھی پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔
ایف اے ٹی ایف کے مجوزہ اقدامات پر عمل کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ فنانشل سسٹم میں اس وقت ریفارمز جاری ہیں، ٹیرر فنانسنگ روکنا اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
مزید پڑھیں: حکومتی اقدام سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا۔رضا باقر
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








