پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے مضبوط، مؤثر اور عملی اقدامات کیے ہیں اور آج پاک فوج اور عوام دشمن قوتوں کے خلاف ایک مضبوط دیوار بن چکے ہیں۔
یہ بات انہوں نے مردان میں مختلف جامعات اور دینی مدارس کے اساتذہ و طلبہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
اس اجلاس میں عبد الولی خان یونیورسٹی، ویمن یونیورسٹی مردان، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی سمیت مختلف دینی مدارس کے نمائندے شریک ہوئے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے اپنے خطاب میں پاکستان کے اندر امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں، دہشت گردی کے خلاف جنگ، پاک افغان سرحد پر حالیہ کشیدگی اور خطے کی مجموعی سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج مکمل طور پر مستعد ہیں اور ملک کی خودمختاری، امن اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر قیمت ادا کرنے کو تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان نے بے شمار قربانیاں دی ہیں مگر قوم اور فوج نے ہمیشہ ثابت کیا ہے کہ کسی بھی بیرونی یا اندرونی خطرے کے سامنے جھکنا ان کے خمیر میں شامل نہیں۔
اس موقع پر طلبہ اور اساتذہ نے پاک فوج کے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کی قربانیوں کو پاکستان کے امن و استحکام کی بنیاد قرار دیا۔
طلبہ نے کہا کہ جنرل احمد شریف چوہدری کی گفتگو سے کئی غلط فہمیاں دور ہوئیں اور فوج کے کردار کے بارے میں ایک واضح، مثبت پیغام ملا۔
مقررین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاک فوج نے نہ صرف دہشت گردی کے خلاف کامیاب جنگ لڑی ہے بلکہ قومی ترقی، تعمیر نو اور سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی منفی پروپیگنڈا مہمات کا بھی بھرپور مقابلہ کیا ہے۔
نشست کے اختتام پر طلبہ و اساتذہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے اور ملک کے امن، سلامتی اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








