نئی دہلی: بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے پارلیمانی امور کے وزیر کَیلاش وجے ورگیہ نے آسٹریلوی خواتین کرکٹرز کے ساتھ پیش آنے والے ہراسانی کے واقعے پر متنازع بیان دیتے ہوئے کھلاڑیوں کو ہی قصوروار قرار دے دیا ہے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل بھارتی شہر اندور میں دو آسٹریلوی خواتین کرکٹرز کے ساتھ ایک جنسی ہراسانی کا واقعہ پیش آیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق دونوں کھلاڑی ہوٹل سے ایک کیفے کی جانب جا رہی تھیں کہ ایک موٹرسائیکل سوار شخص نے ان میں سے ایک خاتون کو غیر اخلاقی انداز میں چھوا اور فرار ہو گیا بعد ازاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
اب مدھیہ پردیش کے وزیر برائے پارلیمانی امور کَیلاش وجے ورگیہ نے حیران کن طور پر کہا ہے کہ یہ واقعہ آسٹریلوی خواتین کرکٹرز کی اپنی غلطی ہے، انہیں بغیر اطلاع کے باہر نہیں جانا چاہیے تھا۔ ان کے مطابق یہ واقعہ ان کے لیے ایک سبق بنے گا اور وہ آئندہ زیادہ احتیاط کریں گی۔
وزیر نے مزید کہا کہ یہ واقعہ سکیورٹی کی ناکامی بھی ہے لیکن خواتین کو خود بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
دوسری جانب کانگریس پارٹی نے وزیر کے بیان پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کَیلاش وجے ورگیہ کا بیان بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے۔
کانگریس رہنما ارون یادو نے کہا کہ یہ بیان انتہائی شرمناک اور نفرت انگیز سوچ کا مظہر ہے۔ پورا ملک اس واقعے اور حکومت کے رویے پر شرمندہ ہے۔
یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا ہے جب بھارت میں خواتین کی سکیورٹی اور کھیلوں کے میدانوں میں صنفی احترام پر گہری تشویش پائی جا رہی ہے اور ایک ریاستی وزیر کا اس نوعیت کا بیان عوامی غصے میں مزید اضافہ کر رہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








