کراچی: ڈیفنس ویو میں کچرا جلانے سے بدبو اور دھواں، شہریوں کی زندگی اجیرن

تازہ ترین

تازہ ترین

Garbage burning near Karachi’s Defence View spreads toxic smoke and stench, residents demand action
ONLINE

کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس ویو کے قریب سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے قائم کردہ ڈمپنگ پوائنٹ شہریوں کے لیے شدید اذیت کا باعث بن گیا ہے۔

مقامی رہائشیوں کے مطابق اس مقام پر روزانہ بڑی مقدار میں کچرا پھینکا اور بعدازاں جلایا جاتا ہے جس سے علاقے میں بدبو اور گھنا دھواں پھیل جاتا ہے۔ یہ صورتحال نہ صرف ماحول کو آلودہ کر رہی ہے بلکہ شہریوں کی صحت پر بھی منفی اثرات مرتب کر رہی ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ روزانہ جلنے والے کچرے سے اٹھنے والا دھواں فضا میں زہریلے ذرات بھر دیتا ہے، جس کے نتیجے میں بچوں اور بزرگوں میں سانس اور آنکھوں کی بیماریوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔

تعفن اور دھویں کے باعث رہائشیوں کے لیے گھروں میں رہنا بھی مشکل ہوگیا ہے جبکہ فضائی آلودگی کا مجموعی تناسب خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے۔

شہریوں نے حکامِ بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ اس ماحولیاتی اور صحتِ عامہ کے سنگین مسئلے کا فوری نوٹس لیا جائے اور ڈیفنس ویو کے قریب موجود ڈمپنگ پوائنٹ کو رہائشی علاقے سے فوری طور پر ہٹایا جائے۔

ان کا کہنا ہے کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنی چاہئیں اور کچرے کے ٹھکانے لگانے کے لیے ماحول دوست اور جدید طریقہ کار اپنانا چاہیے تاکہ شہریوں کو اس اذیت ناک صورتحال سے نجات مل سکے۔

رہائشیوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو یہ مسئلہ صرف بدبو یا دھویں تک محدود نہیں رہے گا بلکہ مستقبل میں بڑے پیمانے پر صحت کے بحران کو جنم دے سکتا ہے۔

Related Posts