کراچی میں پانی کی فراہمی حب پمپنگ اسٹیشن کی بندش کے باعث جزوی طور پر متاثر ہوگئی ہے۔
ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق شہر کو حب پمپنگ اسٹیشن کے علاوہ تمام پمپنگ اسٹیشنز سے پانی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے۔
کراچی کو مجموعی طور پر روزانہ تقریباً 650 ملین گیلن پانی فراہم کیا جاتا ہے جس میں سے 100 ملین گیلن پانی حب پمپنگ اسٹیشن سے فراہم کیا جاتا ہے۔
ترجمان کے مطابق اس وقت شہر کو مجموعی طور پر 550 ملین گیلن پانی فراہم کیا جارہا ہے، جب کہ باقی 100 ملین گیلن کی کمی صرف حب پمپنگ اسٹیشن کی بندش کے باعث ہے۔
واٹر کارپوریشن نے واضح کیا کہ حب کینال، جو واپڈا انتظامیہ کی حدود میں آتی ہے، تکنیکی وجوہات کی بنا پر 48 گھنٹوں کے لیے بند رکھی گئی ہے جس کے نتیجے میں حب پمپنگ اسٹیشن سے پانی کی سپلائی عارضی طور پر معطل ہے۔
ترجمان نے کہا کہ جیسے ہی حب پمپنگ اسٹیشن کی پانی کی فراہمی معمول کے مطابق بحال ہوگی، شہریوں کو فوری طور پر آگاہ کیا جائے گا۔
واٹر کارپوریشن نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر پانی کے استعمال میں احتیاط برتیں، اسے ضائع نہ کریں اور صرف ضرورت کے مطابق استعمال کریں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ عملہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور پانی کی فراہمی کو جلد از جلد بحال کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
شہریوں سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے تاکہ عارضی کمی کے باوجود نظام کو متوازن رکھا جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








